پی آئی اے کا بوجھ کم کرنے کے لیے سلیم سیانی اورحید ر جلال کی چھٹی ،دفتر سیل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) تنخواہ اور مرعات کی مد میں 50 ہزار ڈالر ماہانہ لینے والے پی آئی اے کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سلیم سیانی کو فوری طور پر ان کے عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے ان کی برطرفی وزارت دفاع کے احکامات پر ہوئی ہے۔ سلیم سیا نی نے 2009ء میں پی آئی اے میں ملازمت اختیار کی تھی۔ اس کے علاوہ مارکیٹنگ کنسلٹنٹ حیدر جلال کو بھی فارغ کردیا گیا ہے ان پر پی آئی اے ماہانا 20 لاکھ روپے خرچ کرتی تھی۔ پی آئی اے کی تاریخ کے مہنگے ترین افسر سلیم سیانی کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے سے برطرفی کے احکامات آج شام وزارت دفاع سے پی آئی اے ہیڈ آفس پہنچنے۔ احکامات ملتے ہی پی آئی اے انتظامیہ نے سلیم سیانی کا دفتر سیل کرکے ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ تین سال قبل سلیم سیا نی کو کنٹریکٹ پر ملازمت شعبہ انجینئرنگ کو منافع بخش بنانے کیلئے دی گئی تھی لیکن ان کے دور میں پی آئی اے کے بیک وقت ایک درجن سے زیادہ طیارے گراﺅنڈ رہے اور شعبہ انجینئرنگ کئی ارب روپے کے خسارے میں چلاگیا۔ سلیم سیانی 50ہزار ڈالرتنخواہ دبئی میں ادا کی جاتی تھی، ان کا انکم ٹیکس بھی پی آئی اے ادا کرتی تھی اور انہیں رہائش کیلئے کراچی اور دبئی میں گھر بھی دیئے گئے تھے۔ فارغ کئے گئے مارکیٹنگ کنسلٹنٹ حیدر جلال بھی پی آئی اے کی آمدنی میں اضافے میں ناکام رہے۔ ان پر پی آئی اے ماہانہ 20 لاکھ روپے خرچ کرتی تھی۔ ایئر لائن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے نئے چیئرمین راﺅ قمر سلیمان پی آئی اے پر غیر ضروری بوجھ کم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔