سلیم شہزاد کے نام محفل موسیقی
کراچی (اے این این )آرٹس کونسل کراچی میں منعقد سینئر فلمی گائیک سلیم شہزاد کے نام محفل موسیقی کی ایک شام کے موقع پر سلیم شہزاد نے پاک و ہند کی مشہور و معروف فلموں کے لازوال گیتوں سے حاضرین محفل سے خوب داد وصول کی۔محفل میں آرٹس کونسل کے اراکین اور عہدیداروں کے علاوہ موسیقی کے شیدائیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر آرٹس کونسل کے قائم مقام صدر محمود احمد خان نے کہا کہ سلیم شہزاد ہمارے ملک کا بہت بڑا سرمایہ ہیں جو پچھلے پچاس ساٹھ سال سے اپنی آواز کا جادو جگا رہے ہیں اور ہمارے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ہمیں ایسی ہستیوں اور ایسی آوازوں کی قدر و منزلت کا احساس ہے اور آرٹس کونسل ہمیشہ ایسے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے۔تقریب میں آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے خصوصی طور پر اٹلی سے ٹیلیفون کرکے سلیم شہزاد کو ان کی پچاس سالہ خدمات اور بہترین پرفارمنس پر مبارکباد پیش کی۔تقریب کے اختتام پر محمود احمد خان اور دیگر اراکین گورننگ باڈی نے سلیم شہزادکو اجرک اور پھولوں کاگلدستہ پیش کیا۔