بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر پہلی بار 13 ارب سے تجاوز کرگئیں
لاہور (کامرس رپورٹر) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وطن بھیجی جانے والی ترسیلات زر گذشتہ مالی سال (2011-12) کے دوران ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 13بلین ڈالر کی سطح عبور کر گئیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مالی سال 2011-12 جس کا اختتام 30 جون 2012 کو ہوا، کے دوران ورکرز ریمی ٹینس کی مد میں13,186.58 ملین ڈالر کا زرمبادلہ وطن بھیجا، جو اس سے پہلے کے مالی سال (2010-11) کی ترسیلات زر 11,200.97 ملین ڈالر کے مقابلے میں 17.73 فیصد کی متاثر کن نمو کو ظاہر کرتا ہے۔ ستمبر (890.42 ملین ڈالر) اور نومبر (924.92 ملین ڈالر) کے علاوہ پاکستانی ورکرز نے گذشتہ مالی سال کے دس مہینوں میں 1 بلین ڈالر سے زیادہ رقوم وطن بھیجیں۔ دنیا کے تمام ملکوں کی جانب سے گذشتہ مالی سال موصول ہونے والی ترسیلات زر میں اضافہ دیکھا گیا۔ ترسیلات زر میں گذشتہ مالی سال ہونے والی تقریباً تمام نمو بینکاری ذرائع سے آنے والی رقوم میں ہوئی ہے۔جولائی۔جون 2012ءکے دوران سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکا، جی سی سی ممالک (بشمول بحرین، کویت، قطر اور سطلنت عمان) اور یورپی ملکوں کی جانب سے بالترتیب 3,687.00 ملین ڈالر، 2,848.86 ملین ڈالر، 2,334.47 ملین ڈالر، 1,521.10 ملین ڈالر، 1,495.00 ملین ڈالر اور 364.79 ملین ڈالر کی ترسیلات زر وطن آئیں جبکہ اس سے پہلے کے مالی سال 2011 میں جولائی جون کی مدت کے دوران بالترتیب 2,670.07 ملین ڈالر، 2,597.74 ملین ڈالر، 2,068.67 ملین ڈالر، 1199.67 ملین ڈالر، 1,306.18 ملین ڈالر اور 354.76 ملین ڈالر کی ترسیلات زر بھیجی گئی تھیں۔ گذشتہ مالی سال (2011-12) کے دوران ناروے، سوئٹزرلینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں کی جانب سے 935.36 ملین ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جبکہ گذشتہ مالی سال (2010-11) میں ان ملکوں سے 1,003.81 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔جولائی جون 2012 کے دوران ماہانہ اوسط ترسیلات زر 1,098.88 رہیں جو اس سے پہلے کے مالی سال میں 933.41 ملین ڈالر تھیں۔ اس طرح اس میں 17.73 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اوور سیز پاکستانیوں نے بھی جون 2012 کے دوران 1,117.48 ملین ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں جبکہ یہ2010-11 کے اسی مہینے میں 1,104.56 ملین ڈالر تھیں۔ گذشتہ ماہ یعنی جون 2012 میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ اور جی سی سی ملکوں (بشمول بحرین، کویت، قطر اور سلطنت عمان) اور یورپی ملکوں کی جانب سے بالترتیب 333.68 ملین ڈالر، 219.14 ملین ڈالر، 206.60 ملین ڈالر، 128.12 ملین ڈالر، 126.72 ملین ڈالر اور 29.24 ملین ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جبکہ جون 2011ءمیں بالترتیب 291.55 ملین ڈالر، 270.04 ملین ڈالر، 204.64 ملین ڈالر، 121.35 ملین ڈالر، 106.20 ملین ڈالر اور 33.83 ملین ڈالر کی ترسیلات زر کی آمد ہوئی تھی۔ جون 2012ءکے دوران ناروے، سوئٹزرلینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے 73.98 ملین ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جبکہ 2010-11کے اسی مہینے میں 75.95 ملین ڈالر کی ترسیلات زر کی وطن میں آمد ہوئی تھی۔