رمضان میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کوشش کررہے ہیں، احمد مختار
کراچی(آئی این پی) وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں‘وزارت سنبھالنے کے بعد مختصر عرصے میں 6 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی‘ بجلی چور بڑا ہو یا چھوٹا کسی کو نہیں چھوڑیں گے‘ ہر کسی سے بجلی کا بل وصول کریں گے‘رینٹل بجلی گھروں پر عدالت کی ہدایت کے مطابق جلد فیصلہ کریں گے۔ وہ منگل کو یہاں کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ جلد از جلد لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جائے ۔ احمد مختار نے کہا کہ وزارت کا چارج لیا تو اس وقت آٹھ ہزار میگاواٹ بجلی بن رہی تھی آج 14 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں ہے، مختصر وقت میں 6 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں احمد مختار نے کہا کہ رینٹل بجلی گھروں کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ، عدالت کی ہدایت کی روشنی میں جلد اس بارے میں فیصلہ کرلیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کے ای ایس سی اسی ملک کا حصہ ہے، زائد بلنگ کے بارے میں کراچی کی عوام کی شکایت کا حل ڈھونڈیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چور بڑا ہو یا چھوٹا حکومت اس سے پیسہ لیکر رہے گی۔ وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں رمضان میں پورے ملک میں لوڈشیڈنگ نہ ہواورسحری اور افطار میں بجلی کی فراہمی کا خاص خیال رکھا جائے گا۔