نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی مشکوک رہائی، ایس ایچ او لدھا معطل

  نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی مشکوک رہائی، ایس ایچ او لدھا معطل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                    جنوبی وزیرستان (نمائندہ خصوصی): نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی مشکوک رہائی، پولیس حکام نے ایس ایچ او لدھا کو معطل کرکے قربانی کا بکرا بنا دیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لدھا چیک پوسٹ کے مقام پر اسسٹنٹ کمشنر لدھا انیس الرحمن نے کارروائی کرتے ہوئے 8 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پکڑیں۔ تاہم، مبینہ طور پر اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت پر ایس ایچ او لدھا حبیب خان نے رشوت کے عوض یہ گاڑیاں چھوڑ دیں۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے واقعے کی اطلاع اعلیٰ حکام کو تحریری طور پر دی، جس کے بعد ڈی پی او اپر وزیرستان نے ایس ایچ او لدھا کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا اور ایس پی انویسٹیگیشن آپر وزیرستان کی سربراہی میں تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ذرائع کے مطابق گاڑیاں اعلیٰ پولیس افسران کے احکامات پر چھوڑی گئیں، مگر کارروائی صرف ایس ایچ او کے خلاف کی گئی۔ معاملہ نہ صرف پولیس کی ساکھ بلکہ احتسابی نظام پر بھی سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ تحقیقات شفاف ہوں گی یا حذب روایت کسی نچلے سطح کے افسر کو قربانی کا بکرا بنا دیاجائے گا، عوامی سماجی حلقوں نے ریجنل پولیس آفیسر سے ڈی پی او اپر وزیرستان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ سمگلروں کی مضبوط نیٹ ورک نے نان کسٹم پیڈ گاڑیاں تحویل میں لینے پر اسسٹنٹ کمشنر لدھا انیس الرحمن کے راتوں رات تبادلے کے احکامات جاری کیئے تھے۔