سرکاری افسران معاشرے کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں : محمد مصدق عباسی 

  سرکاری افسران معاشرے کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں : محمد مصدق عباسی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                            پشاور(سٹی رپورٹر)انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میںگزشتہ روز ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں خود احتسابی کو فروغ دینے کے لیے حکمتِ عملی سیکھنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) محمد مصدق عباسی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اینٹی کرپشن نے حکمرانی اور ذاتی زندگی میں خود احتسابی کی اہمیت پر بصیرت انگیز گفتگو کی۔سیمینار میں قرآنی حوالوں اور اقبال کی فکر انگیز شاعری کے ذریعے خود احتسابی کی طاقت کو کامیابی کے لیے ایک اہم عنصر کے طور پر اجاگر کیا گیا۔ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) محمد مصدق عباسی نے شرکاءپر زور دیا کہ وہ قرآن پاک کی تعلیمات کو سمجھنے، صدقہ و خیرات میں حصہ لینے، سچ بولنے اور مثبت سوچ کو اپنانے پر توجہ دیں، تاکہ ایک بامقصد اور متاثرکن زندگی گزاری جا سکے۔ سیمینار کا اہتمام یو ای ٹی پشاور کے ڈائریکٹوریٹ آف کلبز نے کیا تھا۔یو ای ٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو آج کی تیز رفتار دنیا میں کامیابی کے لیے درکار علم اور مہارت سے آراستہ کرنے کے لیے مزید ایسے سیمینارز کے انعقاد کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ثابت قدمی اور خود احتسابی کی مثال سب سے پہلے ہمیں خود قائم کرنی چاہیے تاکہ یہ اوصاف نوجوان نسل کو منتقل ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری افسران معاشرے کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں، اور جب وہ دیانتداری، صبر، اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں، تو نوجوان نسل بھی ان اقدار کو اپنانے کی طرف مائل ہوتی ہے۔بعد ازاں، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی نے مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ سیمینار میں یو ای ٹی پشاور کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر خضر اعظم، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔