ٹرمپ کا کینیڈین سٹیل اور ایلومینیم پر ٹیرف دگنا کرکے 50 فیصد کرنے کا اعلان

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے ساتھ جاری تجارتی جنگ میں نیا قدم اٹھاتے ہوئے کینیڈین سٹیل اور ایلومینیم پر ٹیرف دگنا کرکے 50 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب اونٹاریو کے وزیرِاعلیٰ ڈَگ فورڈ نے امریکہ کو فراہم کی جانے والی بجلی پر 25 فیصد اضافی محصولات عائد کیے تھے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ اونٹاریو کی جانب سے امریکی بجلی پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے جواب میں انہوں نے سیکریٹری آف کامرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ کینیڈین سٹیل اور ایلومینیم پر مزید 25 فیصد محصولات لگا کر مجموعی ٹیرف کو 50 فیصد تک لے جائیں۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کینیڈا کو "دنیا کے سب سے زیادہ ٹیرف عائد کرنے والے ممالک میں سے ایک" قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام فوری طور پر بدھ 12 مارچ سے نافذ العمل ہوگا۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی کینیڈین اشیاء پر عائد محصولات کی وہ عارضی معطلی ختم ہو جائے گی جس کا اعلان ٹرمپ نے کچھ عرصہ قبل کیا تھا۔
ٹرمپ کی جانب سے اپنے تین بڑے تجارتی شراکت داروں کینیڈا، میکسیکو اور چین کے خلاف جاری تجارتی محاذ آرائی نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔