الزامات کا کھیل کھیلنے سے گنڈاپور کی نااہلی  چھپ نہیں سکتی: عظمیٰ بخاری

الزامات کا کھیل کھیلنے سے گنڈاپور کی نااہلی  چھپ نہیں سکتی: عظمیٰ بخاری
 الزامات کا کھیل کھیلنے سے گنڈاپور کی نااہلی  چھپ نہیں سکتی: عظمیٰ بخاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے  کہا ہے کہ پنجاب میں 25 لاکھ مستحقین تک رمضان پیکج پہنچا دیا،کے پی حکومت ابھی تک منظوری کی منتظر ہے۔ ماڈل ریڑھی منصوبہ میرٹ پر پورا اترنے والی کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا ہے۔مریم نواز کی حکومت میں کسی کو جعلسازی اور دونمبری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گنڈاپور حکومت نے سرجیکل گلوز کی خریداری میں5 کروڑ کی کرپشن کی ہے۔ کارکردگی کی بجائے الزامات کا کھیل کھیلنے سے گنڈاپور کی نااہلی چھپ نہیں سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کے ترقیاتی منصوبے شفافیت اور میرٹ کی اعلیٰ مثال ہیں۔ عوامی خدمت اور عملی اقدامات کی وجہ سے مریم نواز کی مقبولیت پنجاب میں تیزی سے بڑھ رہی ہے، جو ان کے سیاسی مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی۔ مریم نواز کی قیادت میں حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے عملی جامہ پہنا رہی ہے۔ علی امین گنڈاپور اور ان کی کابینہ خود کرپشن کے الزامات کی زد میں ہیں۔ ان پر نہ صرف ان کی اپنی جماعت عدم اعتماد کر رہی ہے بلکہ خیبرپختونخوا میں ہر ترقیاتی منصوبہ کمیشن اور کرپشن کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی حکومت میں شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ماڈل ریڑھی منصوبہ بھی مکمل طور پر میرٹ پر دیا گیا، جبکہ جس کمپنی کے حق میں کچھ لوگ بے جا حمایت کر رہے تھے، اس کا ریکارڈ اور تجربہ بوگس نکلا۔ 190 ملین پاؤنڈ کا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن سکینڈل آپ کے لیڈر کے کریڈٹ پر ہے۔ صوبے کی یونیورسٹیاں فنڈز کی کمی کے باعث بند ہو رہی ہیں۔ تحریک انصاف 12 سال سے پختونوں کے نام پر وفاقی فنڈز کو اپنی ذاتی ملکیت سمجھ کر بانٹ رہی ہے۔ اس کے باوجود، ان کے پاس کارکردگی دکھانے کے لیے کچھ نہیں۔ عوام کو دھوکہ دینے کی بجائے گنڈاپور حکومت اپنی نااہلی اور کرپشن کا جواب دے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام اب الزامات اور جھوٹے پراپیگنڈے میں نہیں آئیں گے۔ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، جبکہ مخالفین کی سیاست صرف الزامات اور کردار کشی تک محدود ہو چکی ہے۔