ٹارگٹڈ آپریشن سیاسی رخ اختیار کرتا دکھائی دیتا ہے، کوئی ہے جو وفاق کی جانب سے امن کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے: رابطہ کمیٹی

ٹارگٹڈ آپریشن سیاسی رخ اختیار کرتا دکھائی دیتا ہے، کوئی ہے جو وفاق کی جانب سے ...
ٹارگٹڈ آپریشن سیاسی رخ اختیار کرتا دکھائی دیتا ہے، کوئی ہے جو وفاق کی جانب سے امن کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے: رابطہ کمیٹی

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماءحیدر آباد رضوی نے الزام عائد کیا ہے کہ ندیم ہاشمی کو گرفتار کرنے پر جب پولیس سے رابطہ کیا گیا تو کہا گیا کہ یہ پالیسی ہے کہ جس علاقے میں جرم ہو گا اس علاقے میں ایم کیو ایم کے یونٹ انچارج کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس کے دوران حیدر عباس رضوی نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سیاسی رنگ اختیار کرتا دکھائی دیتا ہے، سیاسی جماعت کے دفاتر پر چھاپوں سے لگتا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن شفاف نہیں ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ ٹارگٹڈ آپریشن کا رخ ایم کیو ایم کی جانب موڑا جائے گا اسی لئے ہم نے فوج کی نگرانی میں آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی ہے جو کراچی میں وفاق کی جانب سے امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اگر اس میں سندھ حکومت ملوث ہے تو وفاق اسے بے نقاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردوں، بھتہ مافیا اور گینگ وار کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کافیصلہ کیا گیا جس دوران سینکڑوں شہریوں اور درجنوں ایم کیو ایم کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور ان پر 13 ڈی اور چرس رکھنے کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے لیکن اس کے باوجود ہم نے کوئی بات نہیں کی۔ کچھی برادری کو ظلم و ستم کر کے نقل مکانی پر مجبور کیا گیا اور ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنوں کو جیل کی اذیت پر مجبور کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو کراچی کا امن سب سے زیادہ عزیز ہے، کراچی ہمارا شہر ہے جہاں سے 11 بار 85 فیصد سے زائد مینڈیٹ ملا ہے تاہم ایم کیو ایم کی صفوں میں جرائم پیشہ ہیں تو ان کی پشت پناہی نہیں کریں گے۔ حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ 1994ءمیں کئے گئے آپریشن کے نشانات ایم کیو ایم کے جسم پر آج تک موجود ہیں اور اس وقت سے لاپتہ 28 کارکنان کو ایم کیو ایم آج بھی تلاش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ندیم ہاشمی کی گرفتاری پر جب پولیس سے رابطہ کیا گیا تو بتایا گیا کہ یہ پالیسی ہے کہ جس علاقے میں بھی جرم ہو گا اس علاقے میں ایم کیو ایم کے یونٹ انچارج کو گرفتار کیا جائے گا، کیوں گرفتار کیا جائے گا؟ کیا یونٹ انچارج علاقے کا ایس ایچ او ہے یا جرائم کنٹرول کرنا یونٹ انچارج کی ذمہ داری ہے ؟۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کا رخ ایم کیو ایم کی جانب موڑ دیا گیا ہے اور ایم کیو ایم کے مینڈیٹ والے علاقوں ملیر، لانڈھی، ناظم آباد، نارتھ کراچی اور ایف بی ایریا سمیت جگہ جگہ محاصرے کر کے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو گرفتار کر کے جھوٹے مقدمات بنا کر جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔