’کشمیری عوام مریم نواز کے ترلے واسطوں اور چکنی چپڑی باتوں میں نہیں آئیں گے‘

باغ(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما سردار تنویرالیاس خان نے کہا ہے کہ مریم نواز جتنے مرضی ترلے اور واسطے ڈال لیں ،غیور اور بہادرکشمیری ان کے جھانسے اور چکنی چوپڑی باتوں میں نہیں آئیں گے،آزاد کشمیر میں کئی سال سے حکمرانی کرنے والی جماعتوں کے کھوکھلے دعوؤں پر کوئی کشمیری اعتبار کرنے کے لئے تیار نہیں ہے،کشمیریوں نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا نجات دہندہ تسلیم کر لیا ہے ،انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنے منشور پر مکمل عملدرآمد کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین الیکشن کمیٹی تحریک انصاف آزاد کشمیر اور ایل اے 15 وسطی باغ سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوارسردار تنویر الیاس خان نے الیکشن کمپئین کے سلسلہ میں ہمہ موہڑہ ، باڈیار موہری فرمان شاہ، راولی ،جامعہ امہات المومنینؓ للبنات،ہاڑی گہل ،ریڑبن سوٹالہ سمیت کئی علاقوں میں اپنے انتخابی دفاتر کا افتتاح کیا ،اس موقع پر اہلیان علاقہ نے سردار تنویر الیاس خان کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔الیکشن کمپئین کے موقع پر مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی ،مسلم کانفرنس سمیت دیگر علاقائی جماعتوں کے درجنوں اہم مقامی رہنماؤں اور سینکڑوں سیاسی کارکنوں نے سردار الیاس خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا ۔
سردار تنویر الیاس خان نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے تعلیم کو اپنے منشور میں اولین ترجیح قرار دیا ہے،پی ٹی آئی کی کامیابی کے بعد آزاد کشمیر میں پانچ سے سولہ سال کے بچوں کے لئے مفت تعلیم کا قانون پاس کیا جائے گا ،2005ء ک زلزلہ متاثرہ علاقوں میں سکول آج بھی تباہ حالی کا شکار ہیں ،جس سے سابق حکمرانوں کی تعلیم سے محبت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے،تحریک انصاف کامیابی کے بعد متاثرہ سکولوں کی زیر تعمیر عمارتیں جلد مکمل کروائے گی ،تقرر اور تبادلے عملے کی سہولت کی بنیاد پر نہیں بلکہ میرٹ پر ہوں گے،ہم آزاد کشمیر میں ایسا نظام تعلیم لے کر آئیں گے کہ جس سے ہمارے بچے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو کی تقریریں اور دعوے سن کر سیاسی سمجھ بوجھ رکھنے والا ہر شخص ان کی عیاری اور سیاسی دغابازی جان چکا ہے،مریم نواز شریف کو وزیراعظم عمران خان پر کشمیرفروخت کرنے کا الزام عائد کرنے سے پہلے شرم آنی چاہئے،کشمیریوں کے جذبات اور تاریخی جدوجہد کو آموں کی پیٹیوں اور مودی کی ساڑھیوں کے عوض گروی رکھنے والے شعبدہ باز آج کس منہ سے کشمیریوں کے ووٹ مانگ رہے ہیں؟تحریک انصاف الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد کشمیریوں کی امنگوں پر پورا اترتے ہوئے اپنے تمام وعدے پورا کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ 13 جولائی کو باڑی گہل کے مقام پر تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ ہو گا جس میں ہزاروں کشمیری نوجوان اور مائیں بہنیں شریک ہوں گی ،تحریک انصاف کا باڑی گہل کا جلسہ اللہ کے فضل سے مخالف جماعتوں کی تمام چالوں کا الٹا کر رکھ دے گا ۔