چوآسیدن شاہ میں کان حادثے میں جاں بحق ہونیوالے مزدوروں کے اہلخانہ کو فوری امداد دینے کا حکم
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چکوال کے علاقے چوآسیدن شاہ میں کان کے حادثے کے نتیجے میں 4 کانکنان جاں بحق ہونے پر وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے چکوال میں متاثرہ مائن کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز اشفاق الرحمٰن، چیف انسپکٹر مائنز ذاہد، اور ایم پی اے مہوش سلطانہ راجہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر معدنیات نے فوری طور پر جونیئر انسپکٹر آف مائنز کو معطل کرنے کا حکم دیا اور حادثے میں جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
مائنز لیبر ویلفئیر کمشنر کو لواحقین کو 8،8 لاکھ امداد فوری طور پر ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ سردار شیر علی گورچانی نے ریسکیو اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور آخری ڈیڈ باڈی کے ملنے تک ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت دی۔
چیف انسپکٹر آف مائنز کو ریسکیو آپریشن کے اختتام تک سائٹ پر موجود رہنے کا حکم دیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق الرحمٰن خان کی قیادت میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 7 دن کے اندر اندر مزید ذمہ داران کی نشاندہی کرے گی۔
صوبائی وزیر نے حکم دیا کہ لیز ہولڈر کی لاپرواہی ثابت ہونے پر لیز فوری کینسل کر دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی سائٹ پر ڈسپنسری کے بغیر مائننگ غیر قانونی ہے اور ایسی سائٹس پر فوری مائن اونر کی لیز کینسل کر دی جائے گی۔
سردار شیر علی گورچانی نے کہا کہ کانکنوں کی جان کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور حادثے میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں پورا محکمہ کانکنان کے لواحقین کے ساتھ ہے اور لواحقین کو فوری معاوضہ اور دیگر امداد فراہم کرکے ان کی تکالیف میں کمی کی کوشش کی جائے گی۔