اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش سے الوداعی ملاقات

نیویارک (طاہر محمود چوہدری سے)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش سے الوداعی ملاقات کی۔
پاکستانی سفیر منیراکرم نے اقوام متحدہ کو مرکزی حیثیت دیتے ہوئے کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور پائیدار ترقی کے فروغ، عالمی مالیاتی اداروں میں اصلاحات، اقوام متحدہ کے امن مشنز کے جائزے اور "مستقبل کے معاہدے" کے نفاذ پر اتفاق رائے کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں سیکریٹری جنرل کے کردار کو سراہا۔
مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے مشترکہ مقاصد کے فروغ میں سیکریٹری جنرل کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے سفیر منیر اکرم کی شاندار سفارتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔