جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنیوالے تمام دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا :ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو یرغمال بنانے والے تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے اور تمام یرغمالی بحفاظت بازیاب کر لیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام "آن دی فرنٹ" میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 11 مارچ کو دہشت گردوں نے بولان کے علاقے میں ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا اور جعفر ایکسپریس میں سوار مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔ حملہ آوروں کا افغانستان سے رابطہ تھا، اور وہ یرغمالیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں پاک فوج، ایئر فورس، ایف سی، اور ایس ایس جی کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ دہشت گردوں نے مسافروں کو تین مختلف گروپوں میں تقسیم کر رکھا تھا، جنہیں مرحلہ وار بازیاب کرایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں غیر معمولی احتیاط برتی گئی تاکہ یرغمالیوں کو نقصان نہ پہنچے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آپریشن سے پہلے دہشت گردوں نے 21 معصوم شہریوں کو قتل کیا ، آپریشن کے دوران چار ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ بیرونی قوتوں کی پشت پناہی سے کیا گیا تھا، دہشت گردوں کا اسلام یا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دہشت گردوں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا، جس میں متعدد مسافر بھی جان سے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 190 یرغمالیوں کو رہا کروایا، جن میں 58 مرد، 31 خواتین، اور 15 بچے شامل تھے۔
زخمی ہونے والے 37 مسافروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ 57 افراد کو کوئٹہ اور 23 کو مچھ اور آب گم میں ان کے رشتہ داروں کے پاس بھیج دیا گیا۔