13اضلاع میں نابینا افراد کی بحالی کے لئے خصوصی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی سیکرٹری سوشل ویلفےئر و بیت المال پنجاب رفیق ہارون نے کہا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفےئر کے تحت پنجاب کے 13 سے زائد اضلاع میں نابینا افراد کی بحالی کے لئے خصوصی سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں جہاں کم بینائی رکھنے والے معذور افراد کی معذوری کی نوعیت و شدت کی تشخیص کے بعد انہیں خود کفالت پروگرام کے تحت ووکیشنل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ روز گار کے مواقع مہیا کئے جائیں گے ،معیار پر پورا اترنے والے افراد کو سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں 3فیصد کوٹہ کے تحت ملازمتیں دلوا ئی جائیں گی جبکہ کم پڑھے لکھے اور شدید نوعیت کے بصری نقائص کا شکار افراد کے لئے ان کی استعداد کے مطابق چھوٹے کاروبار اور سافٹ جابز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹری نے حکومت پنجاب کے بحالی معذوراں پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی سیکرٹری نے شرکاء کو بتایا کہ اب تک اس پروگرام کے تحت کل 3216 معذور افراد کو سرکاری اداروں میں ملازمتیں فراہم کی جا چکی ہیں جن میں سے 1286 سیٹوں پر نابینا افراد کو بھرتی کیا گیا ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خصوصی افراد کی محرومی کو ان کی معذوری بننے سے بچانے کے لئے ان کی تعلیمی اداروں اور ووکیشنل سنٹرز تک رسائی کو آسان تر بنا دیا ہے سرکاری تعلیمی اداروں میں نہ صرف تعلیمی اخراجات ختم کر دےئے گئے ہیں بلکہ اعلی تعلیم کے حصول کے لئے نشستیں بھی مختص کر دی گئی ہیں داخلوں کے لئے عمر کی بالائی حد میں خصوصی رعایت دی گئی ہے ۔اس کے علاوہ تعلیمی اور تربیتی اداروں تک مفت سفری سہولت مہیا کی جا رہی ہے جبکہ کہ دیگر معذور افراد کے لئے کرایوں میں 50 فیصد تک کمی کر دی گئی ہے ۔خصوصی افراد کو علاج معالجے کی سہولیات بھی بلا معاوضہ فراہم کی جا ری ہیں ۔معذور افراد کی بحالی کے لئے کئے گئے حکومتی اقدامات سے متعلق تمام تر معلومات کی فراہمی کے لئے ضلعی دفاتر میں ڈیسک مخصوص کئے گئے ہیں اس کے علاوہ محکمہ سوشل ویلفےئر کی ویب سائیڈ پر رجسٹریشن کا عمل بھی مسلسل جاری ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 10000 سے زائد نابیناافراد سوشل ویلفےئر کے توسط سے خدمت کارڈ حاصل کر چکے ہیں ۔ خدمت کارڈ کے اجراء کے لئے محکمہ کی نگرانی میں 100سے زائد رجسٹریشن سنٹرز اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جو اب تک 65000 سے زائد معذور افراد کو خدمت کارڈ کی فراہمی کو یقینی بنا چکے ہیں یہ تمام اقدامات وزیر اعلی پنجاب کی فلاحی ریاست کی جانب پیش رفت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔