تمام قیاس آرائیاں غلط ثابت ،اپوزیشن کیخلاف وزیراعظم بھی ڈٹ گئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے اپوزیشن کے مطالبے پر ایوان میں پانامالیکس پر بات نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے اور وواضح کیاہے کہ وہ پانامالیکس کے بارے میں کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے ۔
دنیا نیوز کے مطابق تاجکستان سے واپسی پر طیارے میں غیررسمی گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم کاکہناتھاکہ جس کام کے لیے چیف جسٹس کو خط لکھاتھا، اس پر پارلیمنٹ میں بات نہیں کروں گا، اپوزیشن ان سے سوال جواب نہیں کرسکتی ، اپوزیشن کا ایجنڈا کرپشن روکنا نہیں بلکہ ان کا پیچھا کرناہے ۔ یادرہے کہ اس سے قبل خیال کیا جارہاتھاکہ وزیراعظم جمعہ کو ایوان میں آئیں گے اور ان سے جوابات لینے کے لیے اپوزیشن سے سات نکات پر مشتمل سوالنامہ بھی تیار کرکے میڈیا کو جاری کردیاتھا لیکن اس کا جواب بعد میں وفاقی وزراءنے ایک پریس کانفرنس کے دوران دیدیا تھا اور اب معلوم ہواہے کہ پارلیمنٹ میں سوالات کا جواب دینے کی بجائے وزیراعظم نے کمیشن کے سامنے پیش ہونے کاعزم ظاہر کیاہے ۔