’’ہمت والا جرأت والا ۔۔۔خادم اعلیٰ خادم اعلیٰ‘‘ ہال نعروں سے گونجتا رہا

’’ہمت والا جرأت والا ۔۔۔خادم اعلیٰ خادم اعلیٰ‘‘ ہال نعروں سے گونجتا رہا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہو راورنج لائن میٹرو ٹرین کے حوالے سے ایکسپو سنٹر میں منعقدہ خصوصی سیمینار سے ایک بار پھر انتہائی پرجوش اور جذباتی انداز میں خطاب کیااور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے سامنے عام آدمی کے اس عظیم الشان منصوبے کا مقدمہ مدلل انداز میں پیش کیا جس پر ہال میں موجود افراد نے بھر پور تالیاں بجائیں اوروزیراعلیٰ کے خیالات کی تائید کی اور ’’شہبازشریف زندہ باد ،میٹروٹرین زندہ باد‘‘اور’’ہمت والا جرأت والا ۔۔۔خادم اعلی ،خادم اعلی‘‘ کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ نے تقریر کے دوران میٹروٹرین منصوبے کی مخالفت کرنے والی مٹھی بھر اشرافیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اوراسے عام آدمی کی فلاح وبہبود کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر عوام دشمن قرار دیا۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے حوالے سے تاخیری حربے بندنہ ہوئے تولاکھوں شہری باہر آکر مٹھی بھر اشرافیہ کا محاسبہ کریں گے،جس پر ہال میں بیٹھے ہزاروں افراد نے وزیراعلیٰ سے وعدہ کیا کہ ہم کسی کو اس عظیم الشان منصوبے میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے اورعام آدمی کے ساتھ ظلم و زیادتی کرنے والے نام نہاد بت پاش پاش کردیں گے اوراس منصوبے کی تکمیل میں آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جامع انداز میں احاطہ کیا اور میٹرو ٹرین کو عام آدمی، بیواؤں، ملازمت پیشہ خواتین، طلباء ، نرسز، ڈاکٹروں، اساتذہ ، مزدوروں اور تمام شہریوں کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر اشرافیہ جو مہنگی گاڑیوں پر سفر کرتی ہے، وہی عام آدمی کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کی دشمن ہے لیکن اگر اس اشرافیہ نے یہ دشمنی بند نہ کی تو میں ان کا سب سے بڑا دشمن ہوں گا۔وزیراعلیٰ نے واضح انداز میں کہا کہ اس منصوبے کے مخالفین وہ عناصر ہیں جنہوں نے کبھی شالامار باغ دیکھا ہے نہ چوبرجی بلکہ یہ اپنے کتوں کے ساتھ چھٹیاں بھی پورپ میں گزارتے ہیں اور ان عقل کے اندھوں کویہ علم نہیں کہ میٹروٹرین کاہنہ کاچھایا ہرن مینار سے نہیں گزرنی بلکہ یہ گنجان آبادی سے گزرنی ہے ،کیونکہ اس ٹرین پر لاکھوں غریب لوگوں نے سفر کرنا ہے لیکن ان کے دل میں عام آدمی کی مشکلات کا رتی بھربھی احساس نہیں ۔یہ وہ اشرافیہ ہے جو صرف اپنی زندگی میں مگن رہتی ہے ۔ سیمینار کے دوران میٹروٹرین کے منصوبے پر بنائی گئی خصوصی دستاویزی فلم اور تھیم سانگ بھی دکھایاگیا جسے شرکاء نے بے حد پسند کیا ۔

مزید :

صفحہ اول -