پشاور میں تجاوزات کیخلاف آپریشن ، 200دکانیں گھر اور مارکیٹیں مسمار
پشاور(کرائمز رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے افغان کالونی کے علاقے میں قائم ناجائز تجاوزات کے خلاف تاریخی آپریشن کرتے ہوئے 220 سے زائد غیرقانونی دکانوں,گھروں اور مارکیٹوں کی تعمیرات کو مسمار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض خان محسودکی ہدایت پرایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز عبدالنبی ،بشیر احمد، محکمہ آبپاشی کے ایس ڈی او سیف اللہ اور لوکل پولیس نے بھاری مشینری کی مدد سے افغان کالونی کے علاقے میں دریائے کابل کینال کے ارد گرد غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا۔ اس موقع پر کسی بھی قسم کے نا خشگوار واقع سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران 220 سے زائد غیر قانونی مکانوں، مارکیٹوں اور دوکانوں کی تعمیرات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پشاور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پشاور کی مختلف کینال کے اردگرد ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں افغان کالونی کے علاقے میں 220 سے زائد غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا۔ انھوں کے کہا کہ یہ آپریشن جاری ہے اور عنقریب پشاور میں تمام غیر قانونی تجاوزات کو ختم کر دیا جائے گا۔