پاناما لیکس،پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کا مشترکہ جدوجہد کا اعلان،کسی کمیشن کی ضرورت نہیں رہی ،دستاویزات اور حقائق سامنے آ چکے :جہانگیر ترین

لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کا پاکستان عوامی تحریک سے رابطہ ،پاناما لیکس کے حوالے سے مل کر چلنے پر اتفاق ۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں جہانگیر ترین اور سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈاپور اور دیگر سے تفصیلی مشاورت کی ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس سیاسی جماعتوں کا نہیں ،پوری قوم کا مسئلہ ہے ،اب کسی کمیشن کی ضرورت نہیں کیونکہ تمام حقائق اور دستاویزات سامنے آگئیں ہیں ،پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد تین ممالک کے وزرائے اعظم مستعفی ہو چکے ہیں اور وہاں کوئی کمیشن نہیں بنا جبکہ مالٹا اور برطانیہ کے وزرائے اعظم زیر عتاب ہیں ۔ اب معاملات آگے نکل چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے اور اس حوالے سے بات اور مشاورت سے پالیسی بنا رہے ہیں ، اسے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے سب کی مشاورت سے چلیں گے اس لئے تمام جماعتوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ۔