اشتہاری مجرم کی جگہ میٹرک کا امتحان دینے والا گرفتار

لکی مروت(آئی این پی )خیبرپختونخوا میں لکی مروت کے علاقے شہباز خیل میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے میٹرک کے امتحان کے دوران ایک امیدوار کو گرفتار کر لیا جو ایک اشتہاری مجرم کی جگہ میٹرک کا پرچہ دے رہا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم جواد، سکنہ سرگہ خیرو خیل، مطالعہ پاکستان کا پرچہ محمد رومان نامی اشتہاری کی جگہ بیٹھ کر حل کر رہا تھا۔ملزم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب سپرنٹنڈنٹ امتحانات ایس ایس محمد واجد نے شہباز خیل پولیس کو ایک تحریری مراسلہ بھیجا جس میں مشتبہ امیدوار کے بارے میں نشاندہی کی گئی تھی۔ ایس ایچ او مظفر خان اپنی ٹیم کے ہمراہ جب امتحانی مرکز کی سیکیورٹی چیک کر رہے تھے تو ملزم کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ محمد رومان قتل، اقدام قتل اور اغوا جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب ہے، اور اس کی جگہ امتحان دینے کی کوشش ایک سنگین جرم ہے۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔