ہُن” شیر“ بنو۔ ۔ ۔ ریلوے ملازمین کا تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کیخلاف احتجاج ، انجن روک لیے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ریلوے ملازمین نے تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کے خلاف احتجاج کے دوران تین ریلوے انجن روک لیے ہیں ۔ گذشتہ روز پیش کیے گئے وفاقی بجٹ میں نئے ٹیکس لاگو کردیئے گئے لیکن سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیاگیا جس کے باعث مہنگائی میں مزید اضافے کاامکان ظاہرکیاجارہاہے ۔ بجٹ اجلاس کے کچھ دیر بعد سے مختلف محکموں کی طرف سے ہڑتال کی دھمکیاں دیدی گئی ہیں جبکہ ریلوے ملازمین نے مسلم لیگ ن کی حکومت کا پہلا بجٹ مسترد کرتے ہوئے علامہ اقبال ، جعفر اور عوامی ایکسپریس کا انجن شیڈمیں روک لیا۔ ملازمین نے مطالبہ کیاہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کرے ۔یاد رہے کہ گیارہ مئی کو ہونیوالے انتخابات کے نتیجے میں شیر کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑنے والی جماعت مسلم لیگ کامیاب ہوئی جس کی وفاق اور دوصوبوں میں بھاری اکثریت سے حکومت بنی اور پہلے ہی بجٹ اجلاس کے بعد ملک بھر کے سرکاری ملازمین اور درمیانی طبقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔