آصف علی زرداری کی گرفتاری پر احتجاج کرنے والے کارکنوں کے خلاف بڑی کار روائی

منڈی بہاوالدین(ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری کی اسلام آباد سے گرفتاری کے خلاف منڈی بہاوالدین میں احتجاج کرنے والے 55 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیاگیا۔
نجی نیوز چینل ڈان نیوز کے مطابق گوجرہ پولیس کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کی گرفتاری کے خلاف سڑک بلاک کر کے احتجاج کرنے والے کارکنوں کے خلاف 16 ایم پی او اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 341 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ مقدمے میں 15 کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے اور دیگر 40 نامعلوم افراد کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی کے کارکنوں نے منی موٹر وے سالم سرگودھا روڈ کو ٹائر جلا کر بلاک کر دیا تھا اور حکومت مخالف نعرے بازی کر رہے تھے۔