شادی کر نے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے،ثمر جعفری
لاہور(فلم رپورٹر) اداکار ثمر جعفری نے کہا ہے کہ مالی اور ذہنی پختگی کے بعد جب وہ کسی دوسرے شخص کی ذمہ داری اٹھانے کے قابل ہوجائیں گے تب وہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ثمر جعفری نے حال ہی میں دیئے گئے انٹرویو میں کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ خود کو ابھی غیر مستحکم سمجھتے ہیں، اس وقت ان کے لئے کسی کی محبت نہیں بلکہ اپنی خواہشات کو مکمل کرنا اہم ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے محبت کو بھی اہم قرار دیا لیکن واضح کیا کہ شاید وہ اتنے میچوئر نہیں بنے کہ کسی دوسرے شخص کے جذبات کی قدر کر سکیں۔اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اچھے پارٹنر کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور ان کا بھی یہی خیال ہے کہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے اچھے روحانی ساتھی کا ہونا ضروری ہے۔ثمر جعفری نے بتایا کہ انہیں اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری اور شاعری کرنے کا بھی شوق ہے اور وہ زیادہ تر رومانوی شاعری لکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں کوئی شخص نہیں ہے، وہ ان افراد کے لیے رومانوی شعر لکھتے ہیں جن کے دل ٹوٹے ہیں۔شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اداکار نے بتایا کہ وہ اس معاملے پر اپنے قریبی دوستوں سے بھی بحث کر چکے ہیں اور ان کے خیالات واضح ہیں۔اداکار کے مطابق وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں جب کہ وہ کسی دوسرے شخص کی ذمہ داری اٹھانے کے قابل ہوجائیں گے، تب ہی وہ شادی کریں گے۔