نئے کینالوں کی تعمیر سے سندھ کی زرعی زمینیں بنجر ہو سکتی ہیں،مخدوم فخر الزماں
کراچی(سٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کے ترجمان ایم پی اے مخدوم فخرالزمان نے کینالوں کی تعمیر کے خلاف میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں پہلے ہی پانی کی کمی ہے اور نئے کینالوں کی تعمیر سے سندھ کی زرعی زمینیں بنجر ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوٹری سے نیچے پانی چھوڑنے میں مشکلات ہیں اور نئے کینالوں کی تعمیر سے ٹھٹھہ، بدین اور کراچی کے عوام کو پانی کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بھی کینالوں کی مخالفت کر کے اپنا موقف واضح کردیا ہے ۔ کینالوں اور ڈیم کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تحریکیں چلائی ہیں اور اسمبلیوں میں جدوجہد کی ہے اور آج بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر پاکستان آصف علی زرداری ہی جدو جہد کر رہے ہیں باقی پارٹیاں صرف من گھڑت اشوز بنا کر عوام کو گمراہ کر رہی ہیں ۔ سندھ اسمبلی میں کینالوں کی تعمیر کے خلاف قرارداد پیش کی جائیگی جس میں دیگر سیاسی جماعتوں سے حمایت کی اپیل کی جائیگی ۔ پیپلز پارٹی کے رہنماں نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی صورت میں کینالوں کی تعمیر کی اجازت نہیں دیں گے اور اس معاملے پر اپنی پوزیشن پر قائم ہیں۔ اس موقع پر ہاشمی ہاس مٹیاری میں 4 اپریل کو شھید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے بھی میٹنگ کی گئی جس میں سندھ حکومت کے ترجمان ایم پی اے مخدوم فخرزماں نے 4 اپریل کو مٹیاری ضلع سے پی پی پی ورکرز وعہدیداران کی بڑی تعداد میں شرکت کرنے کا اعلان کیا اس موقع پر پی پی پی ضلع صدر مٹیاری پیرسید امیرعلی شاہ ہاشمی ،پی پی پی ضلعی جنرل سیکریٹری سید فضیل حبیب شاہ ،پیرسید ارتضی شاہ ہاشمی سمیت پاکستان پیپلزپارٹی کے عہدیداران ،ورکرز اور ہمدرد بھی موجود تھے۔