سابقین جمعیت کی جماعت اسلامی میں شمولیت ‘منعم ظفر کا بھرپور خیر مقدم
کراچی(سٹاف رپورٹر)اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے سابق اراکین کی جماعت اسلامی میں شمولیت،ادارہ نورحق میں ان کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا گیا ۔استقبالیے میں کراچی جمعیت سے گزشتہ دو سال میں فارغ ہونے والے ارکانِ نے شرکت کی جو جامعہ کراچی سمیت مختلف پروفیشنل یونیورسٹیز ودیگر اداروں میں زیر تعلیم رہے ۔ امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے سابق اراکین جمعیت کی جماعت اسلامی میں شمولیت کا بھرپور خیر مقدم کیا اور کہاکہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ،معاشرے میں اصلاح و تطہیر اور اللہ کی زمین پر اللہ کے قانون نافذ کرنے کی تحریک ہے ،نئے خون آنے سے تحریک کی رفتار مزید تیز ہوگی ،بانی جماعت اسلامی مولانامودودیؒ نے ہی اسلامی جمعیت طلبہ کی بنیاد رکھی اور نوجوانوں کو پیغام دیا کہ زمانہ طالب علمی میں بلند مقاصد اور اعلیٰ نصب العین سے وابستہ رہنے کے بعد عملی زندگی میں بھی اسی مقصد اور نصب العین کو اختیار کرنا ہی دین کا اصل تقاضہ ہے ۔اسلامی جمعیت طلبہ نے لاکھوں نوجوانوں کو انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الہیٰ کے حصول کا نصب العین دیا ،مولانامودودیؒ کا لگایا ہوا پودا آج ایک تناور درخت بن چکا ہے اور اسلامی تحریک کے لیے بھی بہترین و باصلاحیت اور نظریاتی و فکری افرادی قوت فراہم کررہا ہے ۔منعم ظفر خان نے اس عزم اور امید کا اظہار کیا کہ تحریک سے وابستہ ہونے والے یقینا تحریک کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں گے،نئے دور کے نئے تقاضوں اور درپیش چلینجز کے مقابلے کے لیے خود کو تیار کریں گے اور تحریک سے اپنے تعلق کو مضبوط و مستحکم بنائیں گے ۔اللہ تعالیٰ کی مدد ونصرت سے وہ کبھی کسی موڑ پر ناکام نہیں ہوں گے ، انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اور ہر دور میں جمعیت سے آنے والوں کا خیر مقدم کیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔استقبالیے سے جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری توفیق الدین صدیقی ،کراچی جمعیت کے ناظم حافظ آبش صدیقی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر نائب امراءکراچی ڈاکٹرواسع شاکر ،سیف الدین ایڈوکیٹ ،راجا عارف سلطان ،ڈپٹی سکریٹری یونس بارائی ، امرائے اضلاع نعیم اختر، سید مفخر علی ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،کراچی جمعیت کے معتمدسید محمد سمیر الحق ودیگر بھی موجود تھے ۔