جعفر ایکسپریس ٹرین حملہ انتہائی افسوس ناک سانحہ ہے، حلیم عادل شیخ
کراچی(سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے عادل ہاس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں بے گناہ شہید ہونے افراد کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملک میں جاری بدامنی کو "فارم 47 کی نااہل حکومت" کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نامکمل سیکیورٹی کے باعث ملک میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے، جس کے سبب پاکستان دہشت گردی کے واقعات میں دنیا میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے اور ہر طرف افراتفری پھیلی ہوئی ہے۔ حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ "غیر قانونی فارم 47 حکومت" فوری طور پر مستعفی ہو اور جنہیں عوام نے اپنے ووٹ سے منتخب کیا ہے، انہیں حکمرانی دی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ"بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں سے ملک نہیں چل سکتا۔ اگر عوامی رائے کا احترام نہیں کیا گیا تو ملک میں انارکی پھیلے گی۔دریائے سندھ کے پانی کے وسائل کے معاملے پر بات کرتے ہوئے، حلیم عادل شیخ نے سابق صدر آصف علی زرداری کو دریائے سندھ سے چھ نئی نہریں بنانے کی منظوری دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے زرداری پر الزام عائد کیا کہ وہ سندھ کے عوام کے احتجاج کے باعث دوغلی پالیسی اپنا رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو چیلنج کیا کہ اگر وہ واقعی سندھ کی عوام دوست جماعت ہے تو وہ عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کرے۔