ٹرمپ کی فرانس اور یورپی یونین کی شراب پر 200 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی

ٹرمپ کی فرانس اور یورپی یونین کی شراب پر 200 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی
ٹرمپ کی فرانس اور یورپی یونین کی شراب پر 200 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی
سورس: The White House

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس اور دیگر یورپی یونین ممالک سے درآمد کی جانے والی شراب، شیمپین اور دیگر الکوحل والے مشروبات پر 200 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے۔ یہ اعلان یورپی یونین کی جانب سے امریکی وہسکی پر مجوزہ ٹیکس کے جواب میں کیا گیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر لکھا کہ "اگر یہ ٹیرف فوری طور پر ختم نہیں کیا گیا، تو امریکہ جلد ہی فرانس اور دیگر یورپی یونین کے ممالک سے آنے والی تمام شراب، شیمپین اور دیگر الکوحل والے مشروبات پر 200 فیصد ٹیرف عائد کر دے گا۔"

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر نے اپنے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی تجارتی جنگیں شروع کر رکھی ہیں، جس میں وہ ٹیرف کو تجارتی اور پالیسی امور پر دباؤ ڈالنے کے ایک آلے کے طور پر استعمال کرتے رہے ہیں۔  یورپی یونین نے امریکہ کی جانب سے سٹیل اور ایلومینیم پر لگائے گئے نئے محصولات کے جواب میں جوابی ٹیکسوں کا اعلان کیا تھا، جو اپریل سے مرحلہ وار 28 ارب ڈالر مالیت کی امریکی اشیا پر عائد کیے جائیں گے۔

ٹرمپ نے یورپی یونین پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے درآمد کی جانے والی وہسکی پر 50 فیصد ٹیرف "بہت سنگین" ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کو "دنیا میں سب سے زیادہ معاندانہ اور ناجائز ٹیکس اور ٹیرف عائد کرنے والا ادارہ" قرار دیا اور الزام لگایا کہ "یہ تنظیم محض امریکہ کا استحصال کرنے کے لیے بنائی گئی تھی۔"