پڑوسی کے ساتھ پارکنگ کا جھگڑا، بیمار سائنسدان جان کی بازی ہار گیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست پنجاب کے شہر موہالی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے ایک سائنسدان کی موت واقع ہو گئی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ سیکٹر 67 میں پیش آیا، جہاں سائنسدان ابھیشیک سوارنکر پر ان کے پڑوسی نے مبینہ طور پر پارکنگ کے تنازع پر حملہ کیا تھا۔
نیوز 18 کے مطابق ابھیشیک سوارنکر مغربی بنگال سے تعلق رکھتے تھے اور حال ہی میں گردے کی پیوند کاری کروا چکے تھے۔ وہ ڈائیلاسز پر تھے اور اپنی ضعیف والدہ اور والد کے ساتھ موہالی میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ ان کے اہل خانہ نے پڑوسی، جس کا نام مونٹی بتایا جا رہا ہے اور جو ایک آئی ٹی پروفیشنل ہے، پر الزام عائد کیا کہ اس نے ابھیشیک کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، حالانکہ اسے ان کی صحت کے بارے میں معلوم تھا۔ واقعے کی ویڈیو قریبی سی سی ٹی وی کیمرے میں بھی قید ہو گئی۔ اس حوالے سے پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔