کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ، جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ کی پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات

راولپنڈی( ڈیلی پاکستان آن لائن )کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ، جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں جو بے مثال برادرانہ تعلقات سے ظاہر ہوتے ہیں۔ انہوں نے فوجی تعاون اور تربیت کے شعبے میں موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مہمان خصوصی نے گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان ایئر فورس کی جانب سے خاص طور پر ملکی کاری کے ذریعے کی گئی غیر معمولی پیش رفت کی تعریف کی۔ بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے دونوں ممالک کے درمیان فضائی تعاون بڑھانے کی شدید خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے مشترکہ علم اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بحرین ایئر فورس کی آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے کے لیے پی اے ایف کی ملٹی ڈومین صلاحیتوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے ابھرتے ہوئے جنگی میدانوں میں خاص طور پر خلائی، سائبر اور الیکٹرانک وارفیئر آپریشنز پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بنیادی اورٹیکٹیکل سطح کے تربیتی سیٹ اپ کے قیام میں پاک فضائیہ کی مدد میں دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک سے آلات کی خریداری کی بھی شدید خواہش کا اظہار کیا۔