پی ٹی آئی سپین کا بادالونا میں مذمتی اجلاس، عہدیداران و ممبران کی شرکت

بارسلونا(ارشد نذیر ساحل )پاکستان تحریک انصاف سپین کے زیر اہتمام بادالونا میں محمد شیراز بھٹی کی صدارت میں جعلی اوورسیز کنوینشن کے انعقاد پر مذمتی اجلاس منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں پی ٹی آئی سپین کے عہدیداران و ممبران نے شرکت کی-
تفصیل کے مطابق اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت ظہور احمد کمبوہ نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سعادت قمر بٹ جاتریہ نے حاصل کی-اجلاس میں پی ٹی آئی سپین کے سینئر راہنما غلام رضا چوہان کے والد محترم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی-
اجلاس میں مقررین نے عمران خان، پاکستان تحریک انصاف کے قائدین اور ہزاروں کی تعداد میں بے گناہ پابند سلاسل کارکنان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے موجودہ حکومت اور اس کے مبینہ سہولتکاروں کی طرف سے اسلام آباد میں اوورسیز کنوینشن کے انعقاد کو ڈرامہ قراردیا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ ہر کام میں دو نمبری اور جعلی سازی سے ملک چلانے کی کوشش کر رہی ہے، اوورسیز کے کچھ لوگوں کو پیسے دے کر بڑے سرمایہ کار ظاہر کیا گیا اور اسلام آباد بلا یا گیا حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے اور حقائق یہ ہیں کہ اوورسیز میں 90 فیصد لوگ ایسے ہیں جو عمران خان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور اس کے ایک اشارے پر جانی و مالی ہر لحاظ سے اپنے آپ کو تیار رکھتے ہیں ۔
مقررین نے کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانی موجودہ حکومت پر کسی صورت اعتبار کرنے کے لئےتیار ہیں اور نہ ہی اس کے مینڈیٹ کو تسلیم کر سکتے ہیں ۔
مقررین میں محمد شیراز بھٹی صدر پی ٹی آئی سپین،سابق صدر محمد شہباز ملک،شہزاد اصغر بھٹی،سینئر نائب صدر چوہدری قاسم رفیق جھکڑ، ڈاکٹر ہما جمشید،سید ذوالقرنین شاہ،سلطان رانجھا،ڈاکٹر ثاقب حمید،سید شبیر شاہ شیرازی،پروفیسر مشتاق احمد،چوہدری صابر تارڑ،تنزیل رانجھا،سید فخر عباس شاہ،چوہدری عاطف ظہیر،تنزیل رانجھا،میاں محمد یونس،شیخ فاروق احمد،عثمان شہزاد رانجھا،مدثر پنجوتھا اور دیگر شامل تھے-
اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس اور عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایک بڑے جلسے کا اعلان کیا جائے گا جس میں عمران خان کے چاہنے والے اپنی بھرپور طاقت کا مظاہرہ کریں گے ، اس موقع پر نعرہ بازی بھی کی گئی۔