اراکین اسمبلی پری بجٹ سیشن میں حصہ لے کر اپنے ووٹ کا حق ادا کریں:مجتبیٰ شجاع الرحمان

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی خواہ انکا تعلق اپوزیشن بینچز سے ہے یا حکومتی بینچز سے پری بجٹ سیشن میں حصہ لے کر اپنے ووٹ کا حق ادا کریں۔ بجٹ سے متعلق عوامی نمائندگان کی تجاویز اور آراء کو نمائندگان کی جانب سے عوامی ترجیحات کی ترجمانی تصور کیا جائے گا اور انھیں آ ئند ہ مالی سال 2025-26کے بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کو خوش اسلوبی کے ساتھ حل کیا جا سکے ۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے پنجاب اسمبلی کے سامنے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کیا ۔صوبائی وزیر نے بتایاکہ پنجاب اسمبلی میں گزشتہ3 روز سے پری بجٹ سیشن جاری ہے جس میں اراکین اسمبلی کو سہولت دی گئی ہے کہ وہ تقریری اور تحریری دونوں صورتوں میں بجٹ سے متعلق اپنی تجاویز اور آراء پیش کر سکتے ہیں ۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے تمام اراکین اسمبلی میں سوال نامے تقسیم کر دئیے گئے ہیں جن کا مقصد سروے کے ذریعے سے اراکین اسمبلی سے ان کی تجاویز اکٹھی کرنا ، انھیں بجٹ سے متعلق اپنی آراء کے اظہار کا موقع فراہم کرنا اور حکومت کو اپنے حلقوں کی ضروریات، مسائل اور ترجیحات سے آگاہ کرنا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ وہ گزشتہ3 روز سے روزانہ سیشن کے آغاز سے اختتام تک ایوان میں حاضری کو یقینی بنا رہے ہیں ۔ اس دوران اراکین اسمبلی کو مکمل موقع فراہم کیا جا رہا ہے کہ وہ اسمبلی فلور یا چیمبر میں جہاں سہولت محسوس کریں وزیر خزانہ کو براہ راست اپنے تجاویز سے اور آراء سے آگاہ کر سکتے ہیں اور سوالناموں کے ذریعے تحریری شکل میں اپنی تجاویز پیش کر سکتے ہیں۔