"پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی ایکٹ 2024" اسمبلی میں پیش ،وزیراعلیٰ چیئرپرسن ہونگی

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومت پنجاب نے "پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی ایکٹ 2024" پنجاب اسمبلی میں پیش کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق مجوزہ ایکٹ کے تحت پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو اتھارٹی بنایا جائے گا۔ پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی ایکٹ 2024 میں فرانزک مواد کی تفصیلی تعریف کی گئی ہے۔ ایکٹ کے تحت عالمی سطح پر فرانزک سائنس کے مستند ادارے کو اتھارٹی کی شکل میں خودمختار ادارہ بنایا گیا ہے۔ پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کو فیلڈ میں جدت کے تقاضوں کے مطابق ماڈرن آلات سے لیس کیا جائے گا۔ مجوزہ ایکٹ کے تحت "پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی" میں خصوصی فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب "پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی" کی چیئرپرسن ہونگی اور اتھارٹی کیلئے وائس چئیر پرسن مقرر کریں گی۔
اتھارٹی ممبران میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری پبلک پراسکیوشن، آئی جی پنجاب، ڈی جی فرانزک سائنس اتھارٹی اور آڈیو ویژول اینالسز، کمپیوٹر فرانزک، کریمنالوجی، مالیکیولر سائنسز اور پتھالوجی کی فیلڈ سے ایک ایک ماہر شامل ہونگے۔ ایکٹ کے مطابق حکومت پنجاب اتھارٹی ممبران کیلئے فرانزک شعبے کے ماہرین کا انتخاب 5 سالہ مدت کیلئے کرے گی۔
نئے قانون کے تحت فرانزک کیلئے لائے گئے ہر قسم کے مواد، دستاویزات اور افراد کی جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے فرانزک جانچ ممکن ہوگی۔ فرانزک سائنس اتھارٹی متعلقہ عدالت، ٹرائبیونل اور ادارے کے سامنے ماہرانہ رائے اور رپورٹ پیش کر سکے گی۔ پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی ایکٹ 2024 کی منظوری کے بعد پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ایکٹ 2007 منسوخ تصور ہوگا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ صوبائی کابینہ پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی ایکٹ 2024 کو پہلے ہی منظور کر چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی ایکٹ 2024 پنجاب اسمبلی کی سپیشل کمیٹی برائے داخلہ کو ریفر کر دیا گیا ہے۔