برائلر کی زائد قیمت پرفروخت جاری،صارفین پریشان
لاہور (لیڈی رپورٹر)رمضان المبارک میں دکاندارمن مانی قیمت پرگوشت فروخت کررہے ہیں۔لاہور میں سرکاری نرخنامے کے مطابق برائلر مرغی کا گوشت 595 روپے فی کلو ہے لیکن مارکیٹ میں 800 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔لاہور کی ٹولنٹن مارکیٹ میں برائلر گوشت فی کلو 730 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ٹولٹن مارکیٹ میں صافی گوشت 800 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ چکن بون لیس کی قیمت بھی 1000 روپے تک پہنچ گئی۔دوسری جانب سرکاری نرخنامے میں انڈوں کی فی درجن قیمت 286 روپے ہے۔ لاہور انتظامیہ نے سبزیوں اور پھلوں کے سرکاری ریٹ بھی جاری کئے ہیں، جس کے مطابق پیاز درجہ اول 50 روپے، آلو 55 روپے، ٹماٹر 55 روپے، سبز مرچ 115 روپے کلو میں دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ ادرک کی قیمت 365 روپے،دیسی لہسن کی قیمت 610 روپے، فارمی کھیرے کی قیمت 55 روپے،میتھی کی قیمت 45 روپے، بینگن کی قیمت 60 روپے، پھول گوبھی کی قیمت 40 روپے اور شلجم کی قیمت 30 روپے کلو مقرر کی گئی ہے۔ ایرانی سیب کی قیمت 290 روپے کلو، سیب کالا کولو کی قیمت 325 روپے کلو، چیکو کی قیمت250 روپے کلو، پپیتا کی قیمت 240 روپے کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ درجہ اول کیلے کی قیمت 260 روپے درجن ہے۔