ڈاکٹر بشارت حسین کا وی سی کے ایم یو کی زیر نگرانی پبلک ہیلتھ میں پی ایچ ڈی کاکامیاب دفاع
پشاور(سٹی رپورٹر) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سوشل سائنسز کے پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر بشارت حسین نے اپنی تحقیقی مقالہ ''پشاورکے تدریسی ہسپتالوں میں اعلیٰ درجے کی طبی سہولیات میں مریضوں کی حفاظت کے اقدامات کی ساخت، خصوصیات اور عوامل: ایک ہم آہنگ مخلوط طریقہ کار تجزیہ'' کاکامیابی سے دفاع کیا۔ ان کا مقالہ الیگزینڈر فلیمنگ ہال کے ایم یو میں منعقدہ دفاعی اجلاس میں منظور کیا گیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر بشارت حسین نے اپنی تحقیق وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق کی زیر نگرانی مکمل کی ہے۔ ان کے مقالے کے بیرونی ممتحن ڈاکٹر محمد فاروق عمر (کالج آف ڈینٹسٹری، کنگ فیصل یونیورسٹی، حفوف، سعودی عرب) تھے جبکہ اندرونی ممتحن ڈاکٹر خالد رحمان، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ڈائریکٹر کے ایم یو-آئی پی ایچ اینڈ ایس ایس تھے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق نے ڈاکٹر بشارت حسین کو 72 سال کی عمر میں پی ایچ ڈی مکمل کرنے پر دلی مبارکباد دی اور ان کے اس غیرمعمولی کارنامے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بشارت حسین نے ثابت کیا کہ علم کے حصول کی کوئی عمر مقرر نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بشارت حسین نے اس عمر میں پی ایچ ڈی مکمل کرکے نوجوان اسکالرز کے لیے ایک مثالی مثال قائم کی ہے، جو یہ ثابت کرتی ہے کہ اگر کسی میں سیکھنے کا جذبہ اور محنت کا عزم ہو تو وہ کسی بھی عمر میں معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کی تحقیق مریضوں کی حفاظت کو بہتر بنانے اور اعلیٰ درجے کے اسپتالوں میں طبی سہولیات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بشارت حسین کی یہ کامیابی زندگی بھر سیکھنے اور تعلیمی معیار کی بلندی کی علامت ہے جو کے ایم یو کے صحت عامہ کی تحقیق اور تعلیم کو مزید فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔