امجد صابری کو غسل دیتے وقت کیا واقعہ پیش آیا؟ رمضان چھیپا کا حیران کن انکشاف

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف سماجی رہنما رمضان چھیپا نے مرحوم قوال امجد صابری کے غسل سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق چھیپا فاؤنڈیشن کے بانی رمضان چھیپا نے ایک ٹی وی پروگرام میں امجد صابری کے غسل کے دوران پیش آنے والے حیرت انگیز واقعے کا انکشاف کیا۔رمضان چھیپا نے بتایا کہ ’جب بھی میں کسی میت کو غسل دیتا ہوں تو مختلف چیزوں کا مشاہدہ کرتا ہوں، جب میں امجد صابری کو غسل دے رہا تھا تو اچانک میں پیچھے ہٹ گیا کیونکہ میں نے دیکھا کہ وہ مسکرا رہے تھے، میں کانپ گیا اور فوراً ان کے اہلخانہ کو بلایا، انہوں نے بھی یہ منظر دیکھا اور دعا کرنے لگے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ایسی چیزوں کی حقیقت صرف خدا ہی بہتر جانتا ہے لیکن ہمیں اکثر مختلف نشانیاں نظر آتی ہیں، بعض اوقات ہم دیکھتے ہیں کہ کسی میت کے چہرے پر تکلیف کے آثار ہوتے ہیں جب کہ بعض خوش نصیب مسکراتے ہوئے دنیا سے رخصت ہوتے ہیں‘۔
رمضان چھیپا کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا ہے۔
کچھ صارفین نے رمضان چھیپا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ذاتی اور روحانی باتوں کو میڈیا پر شیئر نہیں کرنا چاہیے، بعض نے اس بیان کو مبالغہ آرائی قرار دیا۔
واضح رہے کہ امجد صابری کا تعلق پاکستان کے نامور صوفی قوال صابر برادران کے خاندان سے تھا، وہ اپنی قوالیوں تاجدارِ حرم اور بھر دو جھولی کی بدولت عالمی شہرت رکھتے تھے۔
39 سالہ امجد صابری کو 2016 میں رمضان المبارک کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس میں وہ جانبر نہ ہوسکے جب کہ انہوں نے 5 بچوں اور 2 بیواؤں کو سوگوار چھوڑا۔