قیدیوں کی رہائی کیلئے دیں عطیات؛ وہ بھی عید منائیں اپنے پیاروں کیساتھ، محکمہ داخلہ پنجاب کا خصوصی پیغام جاری

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )محکمہ داخلہ پنجاب نے اپنی سزا مکمل کرنے والے نادار قیدیوں کی فوری رہائی کیلئے ایک پیغام جاری کیا ہے۔ پیغام ایسے نادار قیدیوں بارے ہے جو سزا پوری کر چکے لیکن جرمانے کی عدم ادائیگی کے باعث جیلوں میں ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب کی مختلف جیلوں میں 150 قیدی سزا مکمل ہونے کے باوجود دیت و جرمانے کی عدم ادائیگی کے باعث مقید ہیں۔ سزا مکمل کرنے والے ان قیدیوں کی رہائی کیلئے 10 کروڑ روپے کی ادائیگی ہونا باقی ہے۔ مخیر حضرات زکوٰۃ کی مد میں قیدیوں کی دیت، ارش، دمان یا جرمانہ ادا کر سکتے ہیں جس کے بعد قیدیوں کو فوری طور پر عید سے قبل رہائی دلوائی جا سکتی ہے۔ مخیر حضرات کی بدولت یہ رمضان المبارک میں نادار قیدیوں کی رہائی اور اپنے پیاروں کیساتھ عید منانے کا نادر موقع ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ گزشتہ برس 17 کروڑ روپے کی ادائیگی سے 226 اسیران کی رہائی ممکن بنائی گئی تھی۔ قیدیوں کی رہائی کیلئے عطیات دینے کے خواہشمند افراد پنجاب جیل خانہ جات میں رابطہ کریں۔ شہریوں کی رہنمائی اور نادار قیدیوں کی رہائی کیلئے 24 گھنٹے ایکٹو ہیلپ لائن کا اجراء کیا گیا ہے۔ ہیلپ لائن پر متعلقہ اسیران، جرمانوں کی فہرستیں اور تفصیل طلب کی جاسکتی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کروا کر قیدیوں کو عید کے موقع پر رہا کروایا جا سکتا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ شہری قیدی کی جانب سے جرمانے کی رقم بنک میں جمع کروا کر اس کا چالان فارم متعلقہ جیل میں جمع کروائیں۔ نادار اسیران کی رہائی کیلئے پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کروائی جا سکتی ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ مخیر حضرات قیدیوں کی رہائی کیلئے عطیات صرف پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کے اکاؤنٹ میں جمع کروائیں۔ پریزن فاؤنڈیشن کے علاوہ کسی بھی ادارے، NGO یا فرد کو قیدیوں کی رہائی کیلئے عطیات ہرگز نہ دیں۔ کوئی جیل آفیسر یا اہلکار بھی دیت یا جرمانے کی ادائیگی کیلئے براہ راست رقم وصول کرنے کا مجاز نہیں ہے۔ مخیر حضرات سزا مکمل کرنے والے اسیران کی جلد رہائی کیلئے اس نیک کاوش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔