جسٹن ٹروڈو کی رخصتی، کینیڈا کو نیا وزیر اعظم مل گیا، یہ کون ہے؟

اوٹاوا (ڈیلی پاکستان آن لائن) مارک کارنی کینیڈا کے نئے وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ وہ چند دن قبل ہی حکمران لبرل پارٹی کے قائد منتخب ہوئے تھے۔ وہ ایک ماہر اقتصادیات اور سیاست میں نیا چہرہ ہیں۔ مارک کارنی اس سے قبل کینیڈا کے مرکزی بینک، بینک آف کینیڈا اور برطانیہ کے بینک آف انگلینڈ کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان عہدوں پر رہتے ہوئے انہوں نے دونوں ممالک کو بڑے مالی بحرانوں سے نکالنے میں مدد فراہم کی۔ اب توقع کی جا رہی ہے کہ ان کا یہ تجربہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جاری تجارتی جنگ کے دوران بھی کارآمد ثابت ہوگا۔
بی بی سی کے مطابق وہ موجودہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جگہ سنبھالیں گے، جن کی نو سالہ حکمرانی کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ مارک کارنی نے گزشتہ ہفتے کے لبرل قیادت کے انتخاب میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ کینیڈا میں اکتوبر میں عام انتخابات ہونے ہیں لیکن اگر انہوں نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کردیا تو ان کا عہدے کی مدت مختصر ہوسکتی ہے۔
توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ انتخابات کے دوران کارنی خود کو تجارتی جنگ میں ٹرمپ کے مقابلے کے لیے سب سے موزوں امیدوار کے طور پر پیش کریں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ جب تک امریکہ کینیڈین مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف برقرار رکھے گا کینیڈا بھی مخصوص امریکی مصنوعات پر جوابی محصولات عائد رکھے گا۔
اپنی کامیابی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کارنی نے کہا "ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دے سکتے۔ جب تک امریکی ہمارے ساتھ عزت سے پیش نہیں آتے، ہم بھی ان پر عائد محصولات برقرار رکھیں گے۔"
کینیڈا کی معیشت بڑی حد تک امریکی تجارت پر منحصر ہے اور ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ اگر ٹرمپ کے ٹیرف مکمل طور پر لاگو ہوتے ہیں تو ملک کو کساد بازاری (ریسیشن) کا سامنا ہو سکتا ہے۔