امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے  ٹیمیں پنجاب بھر میں متحرک، کسی قسم کی کوتاہی ناقابل معافی ہے: وزیر تعلیم

امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے  ٹیمیں پنجاب بھر میں متحرک، کسی قسم کی ...
امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے  ٹیمیں پنجاب بھر میں متحرک، کسی قسم کی کوتاہی ناقابل معافی ہے: وزیر تعلیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے پنجاب بھر میں ٹیمیں متحرک ہیں اور امتحانی سنٹرز کی مانیٹرنگ کے علاوہ خفیہ نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ وزیر تعلیم کی نمائندگی کرتے ہوئے چیئرمین ٹاسک فورس فار ایجوکیشن مزمل محمود نے فیروز والا کے امتحانی سنٹر کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے طلباء کی شکایات پر چیکنگ کے دوران سپرنٹینڈنٹ کے موبائل فون سے بعض امیدواروں کی مدد اور مورل سپورٹ کے بارے میں وائس چیٹ اور رول نمبر سلپ برآمد کرلی۔

 چیئرمین ٹاسک فورس نے سپرنٹینڈنٹ سے 17 ہزار روپے اور رقم منتقلی کے ثبوت بھی حاصل کر لیے۔ مزمل محمود نے کہا کہ علی رضا دوسرے سنٹر کے سپرنٹینڈنٹ سے رول نمبرز کے تبادلے میں بھی ملوث پایا گیا ہے۔ انہوں نے سپرنٹینڈنٹ کو فوری طور پر معطل کر کے ایف آئی آر درج کروا دی۔ مزمل محمود نے سپرنٹینڈنٹ کو پولیس کے حوالے کرنے کے علاوہ محکمانہ انکوائری کا حکم بھی دے دیا ہے۔ انہوں نے پولیس کو علی رضا کے خلاف قانونی تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے تفتیش کی ہدایت کی ہے۔

 دوسری جانب وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی مختلف امتحانی سنٹرز کا دورہ کیا اور انتظامات چیک کرنے کیساتھ ساتھ طلباء سے بوٹی مافیا کے حوالے سے استفسار کیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل معافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی ڈیوٹی پر مامور عملہ کا کوئی بھی فرد کسی امیدوار کی مدد کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔