جو ریاست کو تسلیم نہیں کرتے وہ اسپتال اور ڈیموں پر حملہ کرتے ہیں ،وزیر مملکت سینیٹر طلال چوہدری

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر مملکت سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گرد واقعات کےلیے مسنگ پرسنز کو بہانے کےطور پر استعمال کیا جاتا ہے۔جو ریاست کو تسلیم نہیں کرتے وہ اسپتال اور ڈیموں پر حملہ کرتے ہیں۔
"جیو نیوز" کے پروگرام" نیا پاکستان" میں گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ سیاسی جماعتیں اپنی ذمے داریاں پوری کریں۔سیاسی اور انتظامی لوپ ہولز پر کرنے ہوں گے، جو ریاست کو تسلیم نہیں کرتے وہ اسپتال اور ڈیموں پر حملہ کرتے ہیں۔یہ ان چیزوں پر حملے کرتے ہیں جو عوام کی سہولت کے لیے ہیں، ڈاکٹر مالک نے بڑی مدلل بات کی، جن کی بات کو وزیراعظم نے سراہا۔مسنگ پرسنز کے معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، چند ہزار لوگ مسنگ ہیں، کل کے آپریشن میں بھی کچھ مسنگ پرسنز مارے گئے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ جب آپ دہشت گردوں کو افغانستان سے لاکر بسائیں گے تو یہ واقعات ہوں گے،40 ہزار کے قریب لوگ لاکر بسائے گئے ۔خیبر پختونخوا کو 600 ارب روپے ملے، اس کے باوجود کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی عمارت کرائے کی ہے۔
طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ چند ہزار لوگ مسنگ ہیں تو یہ ان کارروائیوں کا جواز نہیں، اس وقت 2 ہزار کے قریب مسنگ پرسنز ہیں، ان واقعات کی مسنگ پرسنز وجہ نہیں بہانے کےلیے استعمال کیا جاتا ہے۔انہوں نے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی کے دور میں کوئی اپیکس کمیٹی یا نیشنل ایکشن پلان پر اجلاس ہوا؟ نیشنل ایکشن پلان میں آدھے سے زیادہ پوائنٹس صوبوں سے متعلق ہیں۔