ہسپتال میں مریضہ کے ساتھ مبینہ زیادتی پر مشیر صحت نے نوٹس لے لیا
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)مردان میڈیکل کمپلیکس میں مریضہ کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعے پر مشیر صحت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ واقعہ کے بعد ہسپتال کے 2 کلاس4 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ نے واقعے پر باضابطہ سرکاری اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اس عمل کو "ذاتی فعل" قرار دیا اور کہا کہ اسے پورے ادارے کے ساتھ منسلک کرنا غیر مناسب ہے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ہسپتال میں سینکڑوں خواتین اہلکار مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کررہی ہیں اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
مشیر صحت نے واقعے پر فوری کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات ناقابل قبول ہیں اور ان کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔