کمبوڈیا میں نوکریوں کا جھانسہ دیکر پاکستانیوں سے بڑے فراڈ کا انکشاف

کمبوڈیا میں نوکریوں کا جھانسہ دیکر پاکستانیوں سے بڑے فراڈ کا انکشاف
کمبوڈیا میں نوکریوں کا جھانسہ دیکر پاکستانیوں سے بڑے فراڈ کا انکشاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستانی شہریوں کو پرکشش ملازمتوں کے جھانسے میں ایشیائی ملک کمبوڈیا بلوا کر بڑا فراڈ کیا جارہا ہے اور کئی سو پاکستانیوں کو کئی ماہ سے یرغمال اور پرتشدد کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی نعمان صدیقی نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر کمبوڈیا میں آئی ٹی سیکٹر، کال سینٹرز، انجینئرنگ اور دیگر پروفیشنل شعبوں کی پرکشش ملازمتوں کی تشہیر کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں بھارتی ایجنٹس پاکستانی نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں، پاکستانی نوجوانوں کو ایک سے دو ہزار ڈالرز ماہانہ میں کمبوڈیا میں اچھی ملازمتوں کا لالچ دیا جاتا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کا بتانا ہے کہ لاہور اور کراچی میں بھی نوجوانوں کو ورغلا کر اس روٹ پر بھیجا جارہا ہے، خاتون سمیت 20 سے زائد افراد گزشتہ ہفتوں میں کمبوڈیا سے ایمرجنسی دستاویزات پر ڈی رپورٹ ہوئے۔
اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے ایس ایچ او سہیل محمود شیخ نے بتایا کہ خاتون سمیت 20 افراد سے پوچھ گچھ کے بعد اب تک 14 انکوائریز اور 2 مقدمات کا اندراج کیا جاچکا ہے۔
حکام کے مطابق پرکشش ملازمتوں کے لالچ میں کمبوڈیا پہنچنے والے نوجوانوں کے پاسپورٹ ضبط کر لئے جاتے ہیں اور انہیں کمبوڈیا کے نواحی علاقوں میں جبری مشقت، غیرقانونی کاموں خاص طور پر ڈبہ کال سینٹرز میں کام پر مجبور کیا جاتا ہے۔