درہ آدم خیل میں 2 گروپوں میں جھگڑا، 14 افراد قتل
کوہاٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن) درہ آدم خیل کے علاقے میں 2 گروہوں میں جھگڑے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔
سماء نیوز کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان کوئلےکی کان کی ملکیت کے حوالے سے تنازعہ چلا آ رہا ہے، جس کے باعث آج دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔