ملتان سمیت دیگر شہروں میں ریلیاں،فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، متحد ہو کر جارحیت کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ
اشفاق احمد …… سیاسی ڈائری
اہلیان جنوبی پنجاب کے لئے ایک اچھی خبر ہے کہ وفاقی وزارت ریلوے نے ملتان، ڈیرہ غازی خان کے درمیان شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا افتتاح 15اپریل کو کر دیا گیا ہے افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر توانائی اویس خان لغاری اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے شرکت کی،جس کے بعد ملتان ڈیرہ غازیخان کے درمیان ہر روز شٹل ٹرین شروع کر دی گئی ہے یہ اس خطے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا اس سے ملتان، مظفر گڑھ، کوٹ ادو اور ڈیرہ غازیخان کے چار اضلاع کے مسافروں کو سہولت میسر آئے گی عام مسافروں کے ساتھ تجارتی برادری ایک ہی دن میں اپنا ٹور مکمل کر سکے گی خطے کے اضلاع کے درمیان کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا تاہم یہ امر قابل ِ ذکر ہے کہ ریلوے حکام کو ملتان تا ڈیرہ غازیخان سفر کا دورانیہ جو چار گھنٹے مقرر کیا گیا ہے اس کو مختصر کر کے ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک محدود کرنا ہو گا، کیونکہ ملتان سے ڈیرہ غازی خان دو طرفہ روڈ کی تعمیر سے بذریعہ سڑک یہ سفر ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں ہی طے ہو جاتا ہے۔ ادھر ملتان وہاڑی روڈ کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی ہے یہ سڑک ایک طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث حادثات کا باعث بن رہی تھی جس سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا تھا عوام متعدد بار سڑک کی تعمیر کے لئے احتجاج کر چکے تھے لیکن فنڈز کی عدم دستیابی آڑے آ رہی تھی۔
ہفتہ رواں خطے بھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیوں کا سلسلہ جاری رہا سیاسی و مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر لوگوں نے ان ریلیوں میں شرکت کی اور غزہ پر بمباری کے خلاف شدید نعرے بازی کی قادرپور راں میں فلسطین بچاؤ تحریک کے زیر اہتمام نکالی گئی ریلی میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ فلسطین میں جاری مظالم کو بند کروایا جائے فلسطین کے عوام کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔اگر دنیا نے آ ج خاموشی اختیار کی تو پھر دنیا میں کوئی اصول ضابطہ باقی نہیں رہے گا مظاہرین نے اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ متحد ہو کر آواز بلندکریں۔ اسی طرح دعوت فکر و ذکر کے زیر اہتمام بھی ڈیرہ اللہ ھو والا میں منعقدہ تقریب میں علماء کرام نے فلسطین پر مسلط جنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
چولستان کے صحرا ء کو نہری پانی سے سیراب کرنے کے منصوبے بارے پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ کے ساتھ جنوبی پنجاب میں بھی دریائے سندھ سے نہریں نہ نکالنے کی حکمت عملی پر عوامی سطح پر ذہن سازی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے پیپلزپارٹی کے مقامی قائدین سمیت جنوبی پنجاب کی تنظیم کی جانب سے نئی نہروں کی تعمیر کی مخالفت کی جارہی ہے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی سندھ کو اس کے حصے سے کم پانی دیا جارہا ہے، جس کی وجہ سے سندھ میں کسانوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اگر دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالی گئیں تو یہ پانی مزید کم ہو جائے گا اور اگر پنجاب نے ان نئی نہروں کے لئے اپنے حصے کا پانی دینے کا فیصلہ کیا ہے تو یہ پنجاب کے پہلے سے آباد علاقوں کو بنجر کرنے کا منصوبہ ہے کیونکہ پنجاب کو بھی اس کے حصے سے 14فیصد کم پانی میسر ہے اس طرح سے ایک ناقابل عمل منصوبہ ہے جس کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔
ہفتہ رواں مسیحی برادری نے پام سنڈے جوش و جذبہ سے منایا خطے بھرمیں تقریبات کا انعقاد کیا گیا وہاڑی میں مسیحی برادری نے ہاتھوں میں کھجور کی ٹہنیاں اور پھول لے کر امن ریلی نکالی چرچوں میں خصوصی تقریبات میں بچوں نے گیت پیش کئے ان تقریبات میں امن و اتحاد اور ملک کی ترقی و سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔
ہفتہ رواں ایران کے شہر مگس میں جن 8مزدورں کو دہشت گردی کی ایک واردات میں قتل کیا گیا، ان کا تعلق جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور کے مختلف علاقوں سے بتایا جارہا ہے دلخراش واقعے نے پورے علاقہ میں کہرام مچا دیا معلوم ہوا ہے کہ شہید ہونے والے مزدوروں میں سے چھ مزدور بہاولپور سمہ سٹہ خانقاہ شریف سے ہیں جبکہ دو کا تعلق بہاولپور کی تحصیل احمد پور سے ہے شہید ہونے والوں میں دو باپ بیٹا بھی ہیں۔