سیاسی بحران ، معیشت کو اب تک 400ارب روپے کا نقصان
کراچی(اکنامک رپورٹر) ملک میں ایک ہفتے سے جاری مفلوج کردینے والے سیاسی بحران سے صنعتی وتجارتی سرگرمیاں ٹھپ ہو گئیں۔سیاسی عدم استحکام کے باعث معیشت کو اب تک چارسو ارب روپے کانقصان پہنچایاگیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے جاری مفلوج کردینے والے سیاسی بحران نےستر فیصد پاکستان میں تجارتی و صنعتی سرگرمیاں ٹھپ کرکے رکھ دیں۔سیاسی عدم استحکام ملکی معیشت کو مجموعی طور پرچار سو ارب روپے کانقصان پہنچا گیا۔ گڈز کیرئیر ٹرانسپورٹرز یسوسی ایشن کےمطابق کراچی کے پانچ ہزار کنٹینرز پنجاب میں پھنس گئے۔پانچ روز سے کراچی سے پنجاب کوسامان کی ترسیل بندہے۔کراچی سے یومیہ 8سوکنٹینرز پنجاب اور کے پی کے جاتے ہیں جن کا پہیہ رکارہا۔خام مال نہ پہنچنے سے صنعتیں بند اور پیداواررک گئی۔تاجر رہنماﺅں کےمطابق صرف صنعتی و ار رکنے سے اربوں کا نقصان ہوا۔ریونیو اور تجارتی سرگرمیاں معطل رہنے سے ہونےوالااربوں روپےکانقصان اس کےعلاوہ ہے۔کراچی اور پنجاب کی گڈزکیرئیر ایسوسی ایشنز نےہزاروں کنٹینرز پکڑنے سے ہونےوالے نقصانات کا ازالہ نہ ہونے پر ملک گیرہڑتال کی دھمکی الگ دےرکھی ہے۔ ٹرانسپورٹرزکےمطابق ہزاروں کنٹینرز میں رکھا سامان خراب ہوگیا،جان بچانےوالی ادویات کی قلت ہوگئی۔کراچی اسٹاک ایکسچینج میں دو روز میں بائیس سو پوائنٹس کی تاریخی مندی سے تین ارب ڈالرزکانقصان ہوا۔صدر ایف پی سی سی آئی ذکریا عثمان کے مطابق اس صورتحال میں برآمدی اور ٹیکس وصولی کے اہداف حاصل ہونامشکل ہے۔کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر عبداللہ ذکی کے مطابق موجودہ ملکی صورتحال سے دنیا میں پاکستان کاامیج خراب اور معاشی دھچکالگاہے۔تاجر رہنماں نے بتایاکہ پچاس کروڑ ڈالر کے برآمدی آرڈرز رک گئے ہیں۔