ڈیفنس رگبی سٹیڈیم لاہور میں رگبی فیسٹیول کا انعقاد

ڈیفنس رگبی سٹیڈیم لاہور میں رگبی فیسٹیول کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( سپورٹس رپورٹر)جشن آزادی کے موقع پر پنجاب رگبی ایسوسی ایشن اور ڈی ایچ اے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام ڈیفنس رگبی سٹیڈیم لاہور میں رگبی فیسٹیول ہوا جس میں ننھے بچوں کیلئے ”گیٹ ان ٹو رگبی“ پروگرام کے تحت رگبی ٹریننگ کیمپ کا اہتمام کیا گیا اور لاہور اور ڈی ایچ اے کے درمیان رگبی کا ایک نمائشی رگبی میچ کھیلا گیا۔ اس موقع پر پاکستان رگبی یونین کے صدر فوزی خواجہ، ایگزیکٹو ممبر خرم ہارون، پنجاب رگبی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سلمان وائیں، نائب صدر طارق نیازی، خزانچی حاجی انوار، ڈی ایچ اے کے کرنل کھوکھر سمیت لاہور بھر کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ بچوں نے اس موقع پر ننھے ننھے ہاتھوں سے رگبی بال سے خوب کھیلا ۔ پاکستان رگبی یونین کے صدر فوزی خواجہ کے مطابق ”گیٹ ان ٹو رگبی“ پروگرام کے تحت گزشتہ ایک سال سے 250 سے زائد سکولوں میں 2 ہزار بوائز اور 500 گرلزبچوں کو رگبی سے متعلق بتایا جا چکا ہے۔ پاکستان رگبی یونین پاکستان میں وہ واحد فیڈریشن ہے جس نے گزشتہ تین سال سے تین انٹرنیشنل ایونٹ بھی منعقد کروائے ہیں اور گراس روٹ لیول پر سب سے زیادہ کام کیا ہے۔ ۔پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام آزادی کپ 30 اگست کو لاہور میں ہوگا ۔ بچوں کے ٹریننگ پروگرام کے بعد لاہور رگبی فٹ بال کلب اور ڈی ایچ اے رگبی فٹ بال کلب کے درمیان جشن آزادی کے موقع پر ایک نمائشی میچ بھی کھیلا گیا۔
ڈی ایچ اے نے میچ 21-5 سے جیتا۔ برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے گئے اس میچ کے موقع پر خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔