حکومت دھرنے کا انتظار کرنے کی بجائے اپنی مذاکراتی کمیٹیوں کا اعلان کرے ،سراج الحق

حکومت دھرنے کا انتظار کرنے کی بجائے اپنی مذاکراتی کمیٹیوں کا اعلان کرے ،سراج ...
حکومت دھرنے کا انتظار کرنے کی بجائے اپنی مذاکراتی کمیٹیوں کا اعلان کرے ،سراج الحق
کیپشن: 1

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

           لاہور( جنرل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے شباب ملی پاکستان کی جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ سیاسی منظر نامے میں حکومت اس امرکو لازمی بنائے کہ گوجرانوالہ کی طرح کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہونا چاہیے ۔ حکومت نے اس موقع پر سچ بول کر ایک اچھا قدم اٹھایا ہے ۔ امید ہے حکومت اس واقعہ کے مرتکب لوگوں کا احتساب کرے گی ۔لانگ مارچ اور دھرنے دنیا بھر میں اپنے مطالبا ت منوانے کے لیے ایک سیاسی طریقہ کار ہے ۔ ہمارے ہمسائے بھارت میں تو کئی کئی دنوں کے مارچ اور دھرنے ہوتے رہتے ہیں ۔ بحران کا حل سیاستدانوں کو ہی تلاش کرنا چاہیے ۔ ڈبل مارچ کے بجائے سیاستدانوں کا یہ حل پاکستان کے موجودہ اضطراب اور مایوسی کو ایک نئی طاقت میں بدلنے کا کردار ادا کرے گا ۔ جماعت اسلامی نے جس طرح لانگ مارچ کو پرامن آغاز کرنے کے لیے اپنی خدمات ادا کی ہیں ہم لانگ مارچ کے پرامن اختتام کے لیے بھی یہ کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ میں اس موقع پر چار تجاویز پیش کرناچاہتاہوں ۔ ۱۔    حکومت اسلام آباد میں دھرنے کا انتظار کرنے کے بجائے فوری طور پر اپنی مذاکراتی کمیٹیوں کا اعلان کرے ۔۲۔ فریقین کسی تاخیر کے بغیر براہ راست مذاکرات کا آغاز کریں ۔۳۔اپوزیشن لیڈر جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے پارلیمنٹ مےں موجود سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک ایسی کمیٹی بنائے ،جو مذاکرات کے لیے سہولت کا ری اور نگرانی کا کام انجام دے ۔ ۴۔ مذاکرات کے دوران اگر کسی مطالبہ پر اختلاف ختم نہ ہو سکے تو اس مطالبہ کو عوام کے سامنے آناچاہیے ۔سراج الحق نے کہاکہ دنیا کی آبادی میں نوجوانوں کا سب سے بڑا تناسب پاکستان کو حاصل ہے ۔د یگر اقوام میں شرح آبادی کے لحاظ سے نوجوان کم اور بوڑھے زیادہ ہو رہے ہیںلیکن ہمارے حکمرانوں کی نااہلی کی بدولت پاکستان کے دیگر قدرتی عطیات کی طرح نوجوانوں کا یہ اثاثہ بھی ضائع ہورہاہے ۔ شباب ملی اپنی صفوں کو وسیع کرے او نوجوانوں کو انتشار اور مایوسی سے بچانے کے لیے اپنے پروگراموں کو ملک بھر میں فعال بنادے ۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو اپنا ہراول دستہ بنا کر عوام مسائل کو حل کرے گی تاکہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کا نمونہ بن سکے ۔پریس کانفرنس میں سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم ، صدر شباب ملی عتیق الرحمن اور ملک بھر سے آئے ہوئے جنرل کونسل کے ارکان بھی موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -