سعودی عرب میں جدید ترین ٹرین چلانے کا منصوبہ

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی شہروں ریاض اور دمام کے درمیان 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے والی دنیا کی جدید ترین ریل گاڑی چلانے کا اعلان کردیا گیا۔ سعودی ریلویز آرگنائزیشن (SRO) کے صدرمحمد السویکت کا کہنا ہے کہ یہ ریل گاڑیاں سپین میں تیاری کے آخری مراحل میں ہیں اور جلد ہی سعودی عرب پہنچ جائیں گی۔ پہلی ریل گاڑی نومبر کے آخر میں مملکت میں پہنچ جائیگی جبکہ تین مزید ریل گاڑیاں ایک ماہ بعد پہنچیں گی۔ پہلی گاڑی دارالحکومت ریاض اور دمام شہر کے درمیان چلائی جائیگی جبکہ بعدازاں دمام سے الاحسہ اور ریاض سے الاحسہ تک سروس کا آغاز کردیا جائیگا۔ نئی ریز رفتار گاڑیوں میں زیادہ مسافر اور سامان لیجانے کی گنجائش ہوگی اور یہ بدترین موسمی حالات میں بھی 180 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلیں گی۔