اخوان المسلمین کے کارکنوں نے قاہرہ ہوائی اڈے کی ویب سائٹ ہیک کرلی

قاہرہ (اے این این) مصر میں کالعدم مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون سے وابستہ ہیکروں نے قاہرہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی ویب سائٹ ہیک کرنے کے بعد اس کے صفحہ اول پر ہاتھ کی چار انگلیوں والے نشان ’’الرابعہ‘‘ کا سلوگن پوسٹ کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی جب رابعہ العدویہ گراؤنڈ میں مصری فوج کی اخون المسلمون کے کارکنوں کے خلاف وحشیانہ کارروائی کی دوسری برسی منائی جا رہی ہے۔ویب سائٹ ہیکروں نے ہاتھ کا نشانہ پوسٹ کرنے کے ساتھ اس کے نیچے درج عبارت میں لکھا کہ ’’سرزمین خون نہیں پیتی رابعہ العدویہ میں قتل عام کا دوسرا سال‘‘ اس کے علاوہ مصر کی موجودہ حکومت فوجی حکومت پر کڑی تنقید بھی کی گئی ہے۔
تین زبانوں عربی، ترکی اور انگریزی میں لکھی گئی عبارت میں دھمکی آمیز الفاظ میں کہا گیا ہے کہ "ہم آپ کا ہر جگہ پیچھا کریں گے، انقلاب جاری ہے مگر دھرتی خون نہیں پیتی‘‘۔