ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ انتظامیہ بارُسوخ اہلکاروں کے سامنے بے بس

ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ انتظامیہ بارُسوخ اہلکاروں کے سامنے بے بس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (شہباز اکمل جندران//انویسٹی گیشن سیل) ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی انتظامیہ بارسوخ اہلکاروں کے سامنے بے بس ہوگئی۔ عرصہ دراز سے ایک ہی جگہ تعینات ملازمین کوباربار کوششوں کے باوجودتبدیل نہ کیا جاسکا۔ انتظامیہ نے 30جون کے بعد ایک جگہ پر کئی برسوں سے تعینات ملازمین کی فہرستیں طلب کیں لیکن کارروائی نہ کی جاسکی۔معلوم ہوا ہے کہ ایکسائز اینڈٹیکسیشن کے صوبے بھر کے دفاتر میں ایسے ہزاروں اہلکار ہیں جو تین برس یا اس سے بھی زائد عرصے سے ایک ہی جگہ پر تعینات ہیں۔لاہور کی بات کریں تو، ڈائریکٹوریٹ لاہور ریجن اے اور ریجن بی میں تعینات 50سے زائد ایسے ای ٹی اوز، اسسٹنٹ ایکسائز اینڈٹیکسیشن افسراور انسپکٹرایسے ہیں۔ جو کئی کئی برسوں سے جبکہ بعض عشروں سے ایک ہی سرکل میں تعینات ہیں۔ان بارسوخ ملازمین کے سامنے محکمے کے اعلیٰ افسر بھی بے بس نظر آتے ہیں۔ معلوم ہواہے کہ سروس رولز اورحکومتی احکامات کے تحت کسی بھی سرکاری افسر کو ایک ہی جگہ پر زیادہ سے زیادہ تین برس تک تعینات رہنے کی اجازت دی جاتی ہے ۔لیکن ایکسائز اینڈٹیکسیشن لاہور کے ڈائریکٹوریٹ ریجن اے اور ڈائریکٹوریٹ ریجن بی میں پراپرٹی ٹیکس کے مختلف زونز اور سرکلوں میں تعینات50سے زائد ایسے ای ٹی اوز، اے ای ٹی اوز اور انسپکٹر ہیں جو کئی کئی برسوں سے ایک ہی سیٹ پر تعینات ہیں۔اور ان میں سے بعض تو ایسے ہیں جو عشروں سے ایک جگہ پر پہلے تو کلرک کے طورپر اور بعدازاں ترقی پانے پر بطور انسپکٹر و اے ای ٹی او فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ایسے اے ای ٹی اوز اور انسپکٹروں کو اپنے متعلقہ ای ٹی اوز کی بھر پور آشیر باد بھی حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ای ٹی اوزعرصہ دراز سے ایک ہی جگہ بیٹھے ملازمین کی نہ تو نشاندہی کرتے ہیں اور نہ ہی ان کی ٹرانسفر کے لیے پر پوزل بناتے ہیں۔ لاہور ریجن اے کے پراپرٹی ٹیکس زون 11میں تعینات اے ای ٹی او دانش محمود زون 12میں اے ای ٹی او ذولفقار بٹ کی تعیناتی کو تین برس سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ لاہور ریجن اے میں عرصہ دراز سے ایک ہی سرکل میں تعینات انسپکٹروں میں پراپرٹی ٹیکس سرکل کوٹلی پیر عبدالرحمن کا رانا ذولفقار علی 10برسوں سے ۔ بادامی باغ کا عباس خان 8برسوں سے ۔ فیض باغ کا محمد مبشر علی 10برسوں سے ،گڑھی شاہو کا انصر غزالی 5برسوں سے ۔ محمد نگر کا نجم الدین 6برسوں سے۔ نولکھا کا رانا افتخار احمد 3برسوں سے اسی سرکل میں تعینات ہے۔ چند ہفتوں کے لیے تبدیل ہونے کے بعد رانا افتخار نے اپنی ٹرانسفر دوبارہ نولکھا سرکلا میں کروالی ہے۔اسی طرح پراپرٹی ٹیکس سرکل رحمن پورہ کا احمد جہانزیب 5برسوں سے ۔ لارنس روڈ کا شجاع الدین4برسوں سے ۔ پرانی انارکلی کا چوہدری محمد حنیف 10برسوں سے ۔ کریم پارک ون کا شیخ منیر احمد 5برسوں سے ۔ جیا موسیٰ کا ڈاکٹر محمد اقبال بھی 5برسوں سے۔ پروفیشنل ٹیکس سرکل کا مشرف سعید 3برسوں سے ایک ہی جگہ تعینات ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ ایکسائز اینڈٹیکسیشن لاہور ریجن بی کی بات کریں تو ای ٹی او چوہدری عبدالعزیز عرصہ دراز سے لاہور میں ہی اور صرف پراپرٹی ٹیکس میں تعینات ہیں۔اے ای ٹی او شبیر نوید ، اکرام نیازی ،نوراللہ عرصہ دراز سے ایک ہی سرکل میں انسپکٹر رہے اور بطور اے ای ٹی او ترقی پانے کے بعد اسی سرکل میں تعینات ہوئے ۔پراپرٹی ٹیکس سرکل شادمان میں تعینات انسپکٹر الطاف الرحمن پہلے تو کئی برسوں تک بطورکلرک اور پھر ترقی پانے کے بعد اسی سرکل میں گزشتہ 7برسوں سے کام کررہا ہے۔ الطاف الرحمن کا موقف ہے کہ اعلیٰ افسر اسے تبدیل نہیں کررہے۔ اسی طرح گلشن راوی ون میں تعینات انسپکٹر ملک محمد یوسف 10برسوں سے ۔ علامہ اقبال ٹاؤن سات میں تعینات زاہد حسین 6برسوں سے ۔ ملتان روڈ سرکل میں تعینات شیخ محمد رمضان 8برسوں سے ۔ ویلنشیا ٹاؤن میں تعینات فیاض احمد وائیں 3برسوں سے۔ رائیونڈ روڈ میں تعینات محمد عاصم 6برسوں سے اورپراپرٹی ٹیکس سرکل کینال بینک میں تعینات انسپکٹر محمد اشرف شاکر 4برسوں سے ایک ہی جگہ تعینات ہیں۔گلشن راوی ون میں تعینات انسپکٹر ملک محمد یوسف کا کہناتھا کہ وہ فالج کے مریض ہیں۔ اور انہوں نے درخواست کی تھی کہ انہیں اسی سرکل میں تعینات رکھا جائے کیونکہ مذکورہ سرکل کے تمام ٹیکس دہندگان کی تفصیلات ان کی انگلیوں پر ہے۔ذرائع کے مطابق ای اینڈ ٹی انتظامیہ نے 30جون کے بعد ایک ہی جگہ پر کئی برسوں سے تعینات ملازمین کی فہرستیں طلب توکیں لیکن کارروائی نہ کی جاسکی۔

مزید :

صفحہ آخر -