عامرخان نے فلپائنی باکسرمینی پاکیو سے فائٹ کے لئے آمادگی ظاہرکردی
امریکی باکسر فلائڈ مے ویدر کی جانب سے چیلنج قبول نہ کئے جانے کے بعد پاکستانی نڑاد برطانوی باکسرعامر خان نے فلپائنی باکسر مینی پاکیو سے فائٹ لڑنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی مررکے مطابق عامر خان کا کہنا ہے کہ مے ویدر کی جانب سے ان کے چیلنج کو قبول نہ کئے جانے کے بعد انہیں فلپائنی باکسر مینی پاکیو کے ساتھ فائٹ کر کے خوشی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فائٹ کی انعامی رقم پر اتفاق ہو جائے تو فلپائنی باکسر سے فائٹ ہو سکتی ہے۔عامرخان کا کہنا تھا کہ میں اورمینی پاکیو ایک ساتھ ٹریننگ کر چکے ہیں اور ہمارا ٹرینر بھی ایک ہی تھا اسلئے ہم دونوں ایک دوسرے کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں۔ مینی پاکیو سے مقابلہ تاریخ کے بہترین مقابلوں میں سے ایک ہوگا۔