استاد نصرت فتح علی خان کو مداحوں سے بچھڑے ہوئے 18برس بیت گئے

فیصل آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) برصغیر کے لیجنڈ گلوکاراستاد نصرت فتح علی خان کو اپنے مداحوں سے بچھڑے ہوئے 18برس بیت گئے ۔ استاد نصرت فتح علی خان اپنے مداحوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں ان کے مداحوں نے آج ان کی اٹھارویں برسی منائی ۔ شہنشاہ قوالی استاد نصرت فتح علی خان کے گیتوں ، قوالیوں ، ملی نغموں کا سحر آج بھی قائم ہے ۔ ان کی راگ، تالیں، بندشیں اور ہر سر پر پختہ گرفت ان کی ہر پرفارمنس کو یادگار بناتی رہی ہے ۔
استاد نصرت فتح علی خان موسیقی کی دنیا کی ایک ایسی آواز ہے جس کو سنتے ہی موسیقی میں دلچسپی رکھنے والے افراد ان ان کے عشق میں گرفتار ہو جائیں۔ ان کی گائیکی کے مداح پوری دنیا میں موجود ہیں ۔ استاد نصرت فتح علی خان نے بھارتی فلموں کےلئے بھی گیت گائے اور ان کےلئے موسیقی بھی ترتیب دی۔استاد نصرت فتح علی خان کے گائے ہوئے گیت آج بھی سننے والوں پر سحر طاری کر دیتے ہیں۔
استاد نصرت فتح علی خان 13اکتوبر 1948کوفیصل آباد میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے 16برس کی عمر میں پہلی مرتبہ اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔استاد نصرت فتح علی خان نے موسیقی کی دنیامیں شاندار خدمات پیش کیں اوربے شمار ملکی و غیر ملکی اعزازت سمیٹے۔ حکومت پاکستان کی طرف سے ان کو پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازہ گیا۔
استاد نصرت فتح علی خان کا انتقال 16اگست 1997ءکو لندن میں ہوا ۔استاد نصرت فتح علی خان اگرچہ دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں لیکن وہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔